
بیلگاوی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) مہاراشٹرا کے بیلگاوی میں بی جے پی کی معطل شدہ قائد نپور شرما کے پتلے کو الیکٹرک وائر کے ذریعہ فورٹ روڈ پر برسرعام علامتی طور پر پھانسی پر لٹکایا گیا۔ اس سلسلہ میں پولیس نے 3 افراد کو گرفتار کرلیا اور سٹی میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں کے ساتھ پتلہ کو فوری طور پر ہٹادیا گیا۔ پولیس نے دو فرقوں کے درمیان نفرت پھیلانے اور امن میں خلل پیدا کرنے کی دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پیغمبراسلامؐ کی شان میں گستاخی کرنے پر بی جے پی کی قومی ترجمان نپورشرما کو معطل کردیا گیا۔
نپور شرما اور ان کی فیملی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی وصول ہورہی ہیں۔ انہوں نے پولیس سے اس ضمن میں سیکوریٹی فراہم کرنے کیلئے درخواست کی ہے جس پر پولیس نے انہیں سیکوریٹی فراہم کی۔ اسی دوران ممبئی پولیس نے نپور شرما کو اس سلسلہ میں نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 جون کو اپنا بیان ریکارڈ کروانے کیلئے حاضر ہونے کی بھی ہدایت دی ہے۔ دوسری طرف پونے میں ذاکر الیاس شیخ کی جانب سے شکایت پر پولیس نے دہلی بی جے پی میڈیا کے سربراہ نوین جندل کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔ نوین جندل کو اس واقعہ کے بعد پارٹی سے برطرف کردیا گیا ہے۔



