
مقبوضہ بیت المقدس:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)قابض صہیونی پولیس نے مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی علاقے شیخ جراح میں ایک فلسطینی بچے کو گرفتار کر لیا۔ شیخ جراح وہ علاقہ ہے جس کے رہایشیوں کو اسرائیل کی جانب سے بے گھر کیے جانے کے خطرات کا سامنا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق پولیس افسروں نے 14 سالہ نفود حماد کو بچے کے چہرے پر جھنڈا بنانے کے الزام میں قصبے کے مرکزی داخلی دروازے سے گرفتار کیا۔
اسے شہر کی شاہراہ صلاح الدین پر پولیس کے حراستی مرکز لے جایا گیا، جہاں اسے رہا کرنے سے پہلے اس سے سوال جواب کیے گئے۔ اس کے خاندان نے کہا کہ صہیونی پولیس نے تفتیش کے دوران نفوذ کو ڈرایا دھمکایا۔ دوسری جانب مسجد اقصیٰ کے مراکشی دروازے کے قریب صہیونی آبادکار خاتون نے فلسطینی شہری کو تیز رفتار کار سے کچل دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق صہیونی آبادکار خاتون کی کار کی ٹکر کے بعد شہری کو زخمی حالت میں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
ادھر اسرائیلی فوج کی غزہ پر حالیہ جارحیت کے نتیجے میں زخمی ہونے والا ایک 24 سالہ نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ یحییٰ باسم عجلہ 21 مئی کو غزہ پر اسرائیلی بمباری میں زخمی ہوگیا تھا۔



