
دہلی میں نئے کورونا کے چار مریضوں کی تصدیق
نئی دہلی ،14 ؍دسمبر:(اردودنیا/ایجنسیاں) ہندوستان میں کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون کی رفتار تیز ہوتی نظر آرہی ہے۔ گزشتہ ایک دن میں اومیکرون کے کیسز میں تقریباً 20 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ پیر تک جہاں ملک میں 40 کیسز تھے وہیں منگل کو ان کی تعداد بڑھ کر 49 ہو گئی۔ منگل کو دہلی اور راجستھان دونوں ریاستوں میں نئے کیس درج ہوئے ہیں-راجستھان کے وزیر صحت پرسادی لال مینا کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ چار مزید کیسز سامنے آئے ہیں، ان مریضوں کی صحت مستحکم ہے-دہلی میں امیکرون کے کیسز اب بڑھ کر 6 ہو گئے ہیں۔ منگل کو چار نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ 6 میں سے ایک مریض کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دہلی کے لوک نائک جئے پرکاش نارائن میں 25 کووڈ پازیٹیو مریض اور 3 مشتبہ مریض داخل ہیں۔ دہلی میں 4 معاملے سامنے آنے کے بعد اب ملک میں اومیکرون کیسز بڑھ کر 45 ہو گئے ہیں۔ مہاراشٹر میں پیر کو مزید دو افرادکورونا وائرس کے اومیکرون قسم سے متاثر پائے گئے۔
دونوں دبئی گئے ہوئے تھے۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ سے گجرات واپس آنے والا ایک شخص اومیکرون سے متاثر پایا گیا۔مہاراشٹر کے محکمہ صحت نے بتایا تھا کہ لاتور میں ایک نیا کیس اور پونے میں ایک اور کیس سامنے آیا ہے۔ پونے میں سامنے آنے والا مریض 39 سالہ خاتون ہے، جب کہ لاتور سے متاثرہ 33 سالہ مرد ہے۔
نیز ریاست میں اومیکرون سے متاثر پائے جانے والوں کی تعداد 20 ہو گئی ہے۔ محکمہ کے مطابق دونوں مریضوں میں بیماری کی علامات نہیں تھیں اور انہوں نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لے رکھی تھیں۔ دونوں دبئی گئے ہوئے تھے۔
اروناچل پردیش میں کورونا کے سات نئے مریضوں کی تصدیق
اروناچل پردیش میں منگل کو کورونا کے سات نئے کیسز درج ہونے کے ساتھ ہی کورونا مریضوں کی کل تعداد بڑھ کر 55,313 ہوگئی۔ محکمہ صحت کے ایک سینئر افسر نے یہ اطلاع دی۔ریاستی نگرانی کے افسر لوبسانگ جامپا نے کہا کہ مرنے والوں کی تعداد 280 رہی اور گزشتہ24 گھنٹوں میں کوئی موت نہیں ہوئی۔ ریاست میں 35 مریض زیر علاج ہیں جبکہ 54,998 لوگ اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ریاست میں کورونا کے لیے 12 لاکھ سے زیادہ نمونوں کی جانچ کی گئی ہے۔
انفیکشن کی شرح 2.19 فیصد ہے۔ریاستی امیونائزیشن آفیسر ڈیمونگ پڈونگ نے کہا کہ اب تک 14,39,835 لوگوں کو کورونا ویکسین کی خوراک دی گئی ہے۔
لداخ میں کورونا وائرس کے 17 نئے مریضوں کی تصدیق
لداخ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 17 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس سے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں متاثرین کی کل تعداد 21,839 ہوگئی ہے۔ حکام نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت لداخ میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 178 ہے۔ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں اس وبا کی وجہ سے اب تک 216 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔
ان میں سے لیہہ میں 158 اور کارگل میں 58 لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 29 مریض صحت یاب پاک ہوئے جنہیں اسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیر علاج مریضوں کی تعداد 178 ہے جن میں سے 164 کا تعلق لیہہ ضلع سے ہے جبکہ باقی 14 کا تعلق ضلع کارگل سے ہے۔



