مودی کی یوم پیدائش پر شیوسینا نے کیا طنز، پوچھا ’مہنگائی کم کرنے والا کیک کب کاٹیں گے‘؟
ممبئی، 17 ستمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)وزیر اعظم نریندر مودی کا یوم پیدائش آج بی جے پی لیڈران و کارکنان پورے ملک میں جوش و خروش کے ساتھ منا رہے ہیں لیکن اس درمیان شیوسینا نے پی ایم مودی پر طنز کا تیر چلایا ہے۔ ایک وقت این ڈی اے میں شامل رہنے والی #شیوسینا کے قومی ترجمان #سنجے راوت نے وزیراعظم #نریندر مودی کو 71ویں #سالگرہ کی مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ پی ایم مودی ملک میں مہنگائی کم کرنے والا کیک کب کاٹیں گے۔
اردودنیا ایپ انسٹال کے لیے کلک کریں
دلچسپ بات یہ ہے کہ سنجے راوت نے پی ایم مودی کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے پہلے ان کی خوب تعریف کی اور پھر مہنگائی والا کیک کاٹنے سے متعلق طنزیہ جملہ کہہ ڈالا۔ انھوں نے اپنے بیان کے شروع میں کہا کہ نریندر مودی بہت ہی مقبول لیڈر ہیں۔ بی جے پی کو اونچائی پر لانے کا کام اٹل جی کے بعد نریندر مودی نے ہی کیا ہے۔
ان کی مدت کار میں بی جے پی کو اکثریت ملی ہے۔ اس سے پہلے تو بی جے پی نے صرف اتحاد کی حکومت بنائی تھی۔ یہ مودی جی کی لیڈرشپ کا ہی کمال ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ پی ایم مودی کے قد کا لیڈر ابھی ملک میں نہیں ہے۔ پی ایم مودی سے ہمارے اختلافات ہو سکتے ہیں، لیکن یہ بات سچ ہے کہ پی ایم مودی ملک میں دوسرے نہیں ہو سکتے۔



