
نئی دہلی، 7 ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دہلی میں آلودگی کی وجہ سے اس بار بھی دیوالی پر پٹاخوں پر پابندی ہوگی۔ یہ جانکاری وزیر ماحولیات گوپال رائے نے دی ہے۔دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے ٹوئٹ کیا کہ دہلی میں لوگوں کو آلودگی کے خطرے سے بچانے کے لیے پچھلے سال کی طرح اس بار بھی ہر طرح کے پٹاخوں کی پیداوار، ذخیرہ اندوزی پر پابندی رہے گی۔ فروخت اور استعمال پر پابندی،اس لئے ہے کہ لوگوں کی زندگیاں بچائی جا سکیں۔ گزشتہ سال بھی یہ معاملہ عدالت تک پہنچا تھا۔ سپریم کورٹ نے پٹاخوں پر پابندی سے متعلق این جی ٹی کے حکم میں مداخلت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
عدالت نے کہا تھا کہ این جی ٹی کے حکم میں یہ واضح ہے کہ جن علاقوں میں ہوا کا معیار خراب ہوگا وہاں پٹاخوں کی فروخت اور چلانے پر پابندی ہوگی۔اجازت ان علاقوں میں دی جا سکتی ہے جہاں ہوا کا معیار بہتر ہو۔سپریم کورٹ نے این جی ٹی کے حکم کے خلاف عرضی کو خارج کر دیا تھا۔ جسٹس اے ایم کھانولکر اور جسٹس سنجیو کھنہ کی بنچ نے کہا تھا کہ پٹاخوں کے صحت پر مضر اثرات پر کسی مطالعہ یا تحقیق کی ضرورت نہیں ہے۔کیا آپ کے پھیپھڑوں پر پٹاخوں کے اثر کو سمجھنے کے لیے ہمیں آئی آئی ٹی کی ضرورت ہے؟ یہ کامن سینس ہے۔ ہم نے 2017 سے ایک طویل سفر طے کیا ہے۔



