
نئی دہلی،31جولائی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے آج چھ ریاستوں میں آئی ایس آئی ایس کی سرگرمیوں کے سلسلے میں مشتبہ افراد کے 13 ٹھکانوں کی تلاشی لی۔ این آئی اے کی اس کارروائی میں مبینہ قابل اعتراض دستاویزات اور مواد ضبط کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔
شک ہے کہ مدھیہ پردیش میں بھوپال اور رائے سین اضلاع، نیز گجرات میں بھروچ، سورت، نوساری اور احمد آباد اضلاع، بہار کے ارریہ ضلع، کرناٹک کے بھٹکل اور ٹمکور شہر کے اضلاع، مہاراشٹر کے کولہاپور اور ناندیڑ اضلاع اور اتر پردیش کے دیوبندمیں مبینہ طور پر داعش کیلئے انجام دی جانے والی سرگرمیوں سے متعلق ہیں۔این آئی اے نے 25 جون 2022 کو آئی پی سی کی دفعہ 153 اے، اور 153 بی اور یو اے (پی) ایکٹ کی دفعہ 18، 18 بی، 38، 39 اور 40 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
سہارنپور میں اتوار کی صبح نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) اور یوپی اے ٹی ایس نے دارالعلوم دیوبند میں چھاپہ مار کر ایک مشتبہ نوجوان کو گرفتار کیاہے۔ وہ مبینہ طور پر آئی ایس ماڈیول سے رابطے میں تھا۔ کافی عرصے سے این آئی اے کے ریڈار پر تھا۔این آئی اے کی ٹیم نے اسے آج صبح مدرسہ سے ہی گرفتار کیا ہے۔ تاہم مقامی پولیس نے ابھی تک این آئی اے کی کارروائی کی تصدیق نہیں کی ہے۔یوپی اے ٹی ایس اور این آئی اے نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر اس مشتبہ دہشت گرد کو پکڑا ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ اس دہشت گرد کا تعلق شام میں ہونے والے بم دھماکوں سے بھی ہے۔ فی الحال اے ٹی ایس اسے اپنے ساتھ لے گئی ہے۔



