مسجد اقصیٰ میں تراویح اور عشا میں ڈیڑھ لاکھ فلسطینیوں کی شرکت
ایک لاکھ 50 ہزار فلسطینی نمازیوں نے نماز تراویح میں شرکت کی
مقبوضہ بیت المقدس ،یکم اپریل :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) ماہ صیام دسویں شب تراویح اور عشا کی نماز میں ایک لاکھ 50 ہزار فلسطینی نمازیوں نے نماز تراویح اور رات کی عبادت میں شرکت کی۔بیت المقدس، اندرون فلسطین اور مغربی کنارے کے مختلف شہروں سے بڑی تعداد میں فلسطینی نمازی جمعہ کے روز مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے۔اندرون فلسطین سے بسوں پرقافلہ سیکڑوں نمازیوں کو لے کرقبلہ اول پہنچا۔ زیادہ تر فلسطینی الناصرہ، طمرہ، ام الفحم، النقب اور دوسرے شہروں سے آئے۔دوسری طرف اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے شمالی بیت المقدس میں کے مقام پرجگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کرکے فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ پہنچنے سے روکنے کی کوشش کی۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات سے چوکیوں پر رش لگ گیا اور فلسطینیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔فلسطینی شہریوں کو قبلہ اول میں نماز کے لیے آنے سے روکنا اسرائیل کی مذہبی دہشت گردی اور فلسطینیوں کے خلاف مذہبی جنگ قرار دی جاتی ہے۔قابض حکام فلسطینیوں کو نہ صرف قبلہ اول میں نماز کی ادائی سے روکتے ہیں ،بلکہ انہیں مسجد اقصیٰ میں اعتکاف سے بھی منع کیا جاتا ہے۔قبل ازیں جمعہ کی نماز میں اڑھائی لاکھ فلسطنیوں نے قبلہ اول میں با جماعت نماز اداکی۔ فلسطینی شہری اسرائیلی پولیس کی طرف سے کھڑی کی گئی تمام رکاوٹیں توڑ کر قبلہ اول پہنچے اور ماہ صیام کے دوسرے جمعہ کی نماز ادا کی۔



