بین الاقوامی خبریں

امریکی صدارتی الیکشن میں ایک دن باقی ٹرمپ اور کملا ایک دوسرے کو ناموزوں امیدوار قرار دینے لگے

صدارتی امیدوار کاملا ہیرس کا مقابلہ سابق صدر اور ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ سے ہے

واشنگٹن ، 4نومبر( ایجنسیز) امریکہ کے صدارتی انتخابات میں ایک دن باقی رہ گیا ہے اور دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کے امیدواروں نے ویک اینڈ پر سوئنگ ریاستوں میں ایسے ووٹرز کے پاس پہنچنے کی کوشش کی جو اب تک اپنے ووٹ کے فیصلے کے بارے میں حتمی فیصلہ نہیں کر سکے ہیں۔منگل کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں نائب صدر اور ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کاملا ہیرس کا مقابلہ سابق صدر اور ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ سے ہے۔سیاسی پنڈتوں کے مطابق سات سوئنگ ریاستوں میں سے بھی جو امیدوار چار یا اس سے زائد ریاستوں میں کامیابی حاصل کر لے گا، وہ ملک کا 47واں صدر ہوگا۔امریکی انتخابی سیاست میں سوئنگ ریاستیں ان ریاستوں کو کہا جاتا ہے جہاں کسی بھی امیدوار کی کامیابی کے بارے میں یقین سے کچھ نہ کہا جا سکے۔
ایسی ریاستوں میں ان ووٹرز کی تعداد زیادہ ہوتی ہے جو آخری وقت تک یہ فیصلہ نہیں کر پاتے کہ انہیں کس امیدوار کو ووٹ دینا ہے۔ایسے ہی ووٹرز کی توجہ حاصل کرنے کے لیے کاملا ہیرس اتوار کو ریاست مشی گن پہنچیں۔مشی گن سات سوئنگ ریاستوں میں سے ایک ہے جہاں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ امیدواروں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہو گا اور انتخابی نتیجے سے متعلق کچھ کہنا بھی قبل از وقت ہو۔دوسری جانب ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ تین سوئنگ اسٹیٹس کے مختلف شہروں میں ان دیہی علاقوں میں پہنچے جہاں انہیں توقع ہے کہ کاملا ہیرس کے مقابلے میں انہیں زیادہ ووٹ مل سکتے ہیں۔
ٹرمپ نے اپنے دن کا آغاز ریاست پینسلوینیا کے قصبے لیٹٹز سے کیا جس کے بعد وہ دوپہر کے وقت ریاست نارتھ کیرولائنا کے شہر کنسٹن پہنچے۔ ٹرمپ نے اتوار کو آخری اجتماع شام کے وقت ریاست جارجیا کے شہر میکن میں کیا۔گزشتہ منگل کے بعد یہ پہلا دن تھا جب دونوں امیدواروں نے ایک روز کے دوران ایک ہی ریاست میں انتخابی جلسہ نہیں کیا۔ہیرس نے مشی گن کے شہر ڈیٹرائٹ میں سیاہ فاموں کے چرچ میں ایک تقریب میں شرکت کی جس کے بعد انہوں نے کارساز کمپنیوں لیورنائس اور پونٹیاک میں کچھ قیام کیا۔ بعد ازاں انہوں نے شام کے وقت مشی گن اسٹیٹ یونیورسٹی میں عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔
واضح رہے کہ پانچ نومبر کو ہونے والی پولنگ سے قبل ساڑھے سات کروڑ سے زائد امریکی ووٹرز بذریعہ میل یا پولنگ اسٹیشن پر جا کر ووٹ کا حق استعمال کر چکے ہیں۔امریکہ کی بعض ریاستوں میں اتوار کو بھی ارلی ووٹنگ جاری رہی اور پیر کو بھی ووٹرز وقت از وقت ووٹ ڈالنے کا حق استعمال کریں گے۔جوں جوں پانچ نومبر کو پولنگ کا وقت قریب آ رہا ہے، دونوں صدارتی امیدوار ایک دوسرے کو آئندہ چار سالہ حکمرانی کے لیے ناموزوں قرار دے رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button