
داخلے سے قبل آل انڈیا کونسل فار ٹکنیکل ایجوکیشن سے توثیق ضروری
حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سوشل میڈیا کے علاوہ اخبارات و ٹیلی ویژن پر اشتہارات کے ذریعہ اعلیٰ تعلیم کے مواقع بالخصوص آن لائن ‘ فاصلاتی تعلیم کے نام پر طلبہ کو راغب کرنے کی کوششیں طلبہ کے قیمتی سال اور پیسہ کو ضائع کرنے کا سبب بن سکتی ہیں اسی لئے کسی بھی آن لائن یا فاصلاتی تعلیم کے کورس میں داخلہ سے قبل طلبہ کو چاہئے کہ وہ مشتہرین کی جانب سے کئے جانے والے دعؤوں کی آل انڈیا کونسل فار ٹینیکل ایجوکیشن سے توثیق کرلیں۔
آل انڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن کے رکن سیکریٹری پروفیسر راجیو کمار نے بتایا کہ بعض تعلیمی کمپنیوں کی جانب سے فاصلاتی‘ آن لائن اور دیگر ذرائع سے تعلیم کی فراہمی کے اشتہارات جاری کئے جا رہے ہیں اور ان اشتہارات کے ذریعہ طلبہ کو راغب کرتے ہوئے یہ باور کروایا جا رہاہے کہ جو کورسس کی تعلیم دی جا رہی ہے وہ آل انڈیا کونسل فارٹیکنیکل ایجوکیشن کی جانب سے منظورہ کورس ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ادارہ کی جانب سے کورس کے منظورہ ہونے اور کورس کی تعلیم کی منظوری میں فرق ہے اور AICTE کی جانب سے جو کورسس کو منظوری دی جاتی ہے وہ ریاستی جامعات کے علاوہ ریاستی حکومت کے منظورہ ادارو ں میں تعلیم کی منظوری دی جاتی ہے لیکن کسی یونیورسٹی یا جامعہ یا ادارہ سے فرنچائیزی حاصل کرتے ہوئے آن لائن ‘ فاصلاتی یا دیگر ذریعہ سے تعلیم کا انتظام کرنا غیر قانونی ہے اور اس طرح کی سرگرمیوں کے خلاف ادارہ کو کاروائی کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آن لائن سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر اس طرح کے کئی اشتہارات اور آسان ڈپلومہ اور ڈگری قرار دیتے ہوئے راغب کیا جا رہاہے ۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر موجود اس طرح کے اشتہارات اور ان کے ذریعہ طلبہ کی زندگیوں سے کھلواڑ کو روکنے کیلئے AICTE نے اشتہار جاری کرتے ہوئے کہا کہ کونسل کے منظورہ کسی بھی کورس میں داخلہ کیلئے طلبہ کو کورس کی منظوری اور تعلیم کے متعلق ادارہ کی ویب سائٹ سے حاصل کرنی چاہئے اور اس طرح کی کسی بھی تعلیمی کمپنی کے ذریعہ داخلہ کے حصول کی کوشش نہیں کرنی چاہئے جس سے وقت اور پیسہ دونوں ضائع ہوں-



