بین الاقوامی خبریںسرورق

آپریشن سندور: نور خان ایئربیس سمیت کئی ٹھکانے تباہ، وزیر اعظم شہباز شریف کا اعتراف

تمام حملے درست نشانے پر ہوئے۔

اسلام آباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) پہلگام حملہ کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اچانک کشیدگی میں اضافہ دیکھنے کو ملا۔ 6 مئی کی رات ہندوستانی فوج نے ’آپریشن سندور‘ کے تحت فیصلہ کن کارروائی کی، جس کا مقصد دہشت گرد ٹھکانوں کے ساتھ ساتھ پاکستانی فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنانا تھا۔ اس آپریشن کے بعد پاکستان نے کئی بار جوابی حملوں کی کوشش کی، مگر ہندوستانی ڈیفنس سسٹم نے ہر بار دشمن کے ارادوں کو ناکام بنا دیا۔

10 مئی کو ہندوستانی فوج نے جوابی کارروائی میں پاکستان کے 13 میں سے 11 ایئر بیس کو ہدف بنایا۔ ان حملوں میں پاکستان کو شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑا، جس کا وہ کئی دنوں تک انکار کرتا رہا۔ اب پہلی بار پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے خود اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ نور خان ایئر بیس سمیت کئی حساس ٹھکانے تباہ ہوئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں شہباز شریف یہ کہتے نظر آتے ہیں:
’’10-9 مئی کی درمیانی شب تقریباً 2.30 بجے جنرل سید عاصم منیر نے مجھے سیکیور لائن پر فون کر کے بتایا کہ ہندوستان کی بیلسٹک میزائل نور خان ایئربیس اور کچھ دیگر علاقوں پر گری ہیں۔ ہماری فضائیہ نے اپنے ملک کو بچانے کے لیے سودیشی تکنیک اور چینی طیاروں کے جدید گیزٹ کا استعمال کیا۔‘‘

ابتدائی دنوں میں پاکستان یہ دعویٰ کرتا رہا کہ اسے کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا، لیکن وزیر اعظم کے اس ویڈیو اعتراف نے ان دعووں کی قلعی کھول دی ہے۔

نور خان ایئر بیس کی اہمیت
یہ ایئر بیس صرف ایک ہوائی اڈہ نہیں بلکہ پاکستان کی وی وی آئی پی ملٹری اور ایئر ٹرانسپورٹ کا اہم مرکز ہے۔ اسلام آباد کے قریب واقع ہونے کی وجہ سے یہ دفاعی نقطہ نظر سے نہایت حساس مقام سمجھا جاتا ہے۔ یہاں جدید اسلحے اور جنگی طیاروں کا بڑا ذخیرہ موجود تھا۔ اس کی تباہی کے بعد پاکستان کے کئی جنگی طیارے آپریشنل نہیں رہ سکے، جس کے بعد پاکستان نے جنگ بندی کی اپیل کی۔

حملے کے بعد سامنے آئی سیٹلائٹ تصویریں ہندوستانی حملے کی مکمل کامیابی کی تصدیق کرتی ہیں۔ کسی بھی ہدف کو خطا نہیں ہوئی اور تمام حملے درست نشانے پر ہوئے۔

پاکستانی وزیر اعظم کا یہ اعتراف عالمی برادری کے لیے بھی ایک اشارہ ہے کہ ہندوستان کی طرف سے کی گئی اس کارروائی کا اثر کتنا گہرا اور فیصلہ کن رہا۔ ’آپریشن سندور‘ نے صرف دہشت گردوں کو ہی نہیں بلکہ پاکستانی دفاعی نظام کی کمزوریوں کو بھی دنیا کے سامنے واضح کر دیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button