تلنگانہ کی خبریں

میاں بیوی کو ایک ہی مقام پر تبادلے کرنے کی منظوری، رہنمایانہ خطوط کی تیاری آج کل میں اجرائی

ٹیچرس کے ترقی و تبادلوں کا عمل مکمل ہونے تک رخصت منظور نہ کرنے کے احکامات

حیدرآباد :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) محکمہ تعلیم نے ٹیچرس کے ترقی و تبادلوں کیلئے رہنمایانہ خطوط تیار کیا ہے۔ ایک ہی اسکول میں پانچ سال سے بطور ہیڈماسٹر اور بطور ٹیچر 8 سال کام کرنے والوں کیلئے تبادلے لازمی قرار دیئے جارہے ہیں۔ تاہم تین سال میں ملازمت سے ریٹائرڈ ہونے والوں کو تبادلوں کے عمل سے استثنیٰ دیا جارہا ہے۔ اگر وہ تبادلے چاہتے ہیں تو انہیں اس کی اجازت دی جائے گی۔ ریاست میں 27 جنوری سے ترقی و تبادلوں کا عمل شروع ہورہا ہے۔ اس کیلئے یکم ؍ فبروری کو ’’کٹ آف تاریخ‘‘ مقرر کیا گیا ہے۔ مقررہ خدمات یکم ؍ فبروری سے قبل مکمل ہوتی ہے یعنی 5 سال اور 8 سال خدمات مکمل ہوتی ان کے کسی بھی صورت میں تبادلے کئے جائیں گے۔ یکم؍ فبروری تک ایک ہی اسکول میں دو سال کی خدمات مکمل کرلیتے ہیں تو وہ تبادلوں کیلئے درخواستیں داخل کرنے کے اہل ہوں گے۔

ترقی و تبادلوں کا عمل مکمل طور پر آن لائن اور ویب کونسلنگ کے ذریعہ کیا جائے گا لیکن این سی سی آفیسرس کی مینول میں کونسلنگ کی جائے گی۔ گرلز اسکولس میں لیڈی ٹیچرس دستیاب نہ ہونے کی صورت میں 50 سال عمر مکمل کرنے والے مرد ٹیچرس کو اہمیت دی جائے گی اس پر ابھی تک صرف غور کیا گیا ہے۔ اعلیٰ عہدیداروں کی ہدایت پر قواعد میں تبدیلی ہوئی یا نہیں اس کا بہت جلد سرکاری طور پر اعلان کیا جائے گا۔ وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے ترقی و تبادلوں کا عمل شفاف انداز میں پوری طرح آن لائن میں مکمل کرنے کا اعلان کیا۔

چیف منسٹر نے میاں بیوی کو ایک ہی مقام پر ملازمت کرنے کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے جس پر عمل کیا جائے گا۔ رہنمایانہ خطوط کی اجرائی میں اس کی وضاحت کردی جائے گی۔ تبادلوں کے عمل میں پوائنٹس دیئے جارہے ہیں۔ 17 فیصد، 13 فیصد، 11 فیصد ایچ آر اے کے مطابق 1,2,3 زمرے کے طور پر پوائنٹس دیئے جائیں گے۔ شریک حیات، غیرشادی شدہ خواتین کیلئے 10 اضافی پوائنٹس دیئے جارہے ہیں جس کو 8 سال میں صرف ایک مرتبہ استعمال کرنا چاہئے۔

میاں بیوی کے قوانین ریاستی و مرکزی حکومتوں، پبلک سیکٹرس، مقامی اداروں کے ملازمین کیلئے لاگو ہوں گے۔ تسلیم شدہ ٹیچرس تنظیموں کے ضلع و ریاستی صدور جنرل سکریٹریز کو 10 اضافی پوائنٹس الاٹ کئے جائیں گے۔ اگر میاں بیوی دونوں ٹیچرس ہیں تو ان میں سے صرف ایک کو خصوصی زمرہ کے پوائنٹس اور ترجیحی زمرے کے پوائنٹس استعمال کرنے کی اجازت رہے گی۔ ایک ہی ضلع میں کام کرنے والے میاں بیوی کو یہ پوائنٹس حاصل ہوں گے۔ 70 فیصد معذور، بیوہ، تنہا رہنے والے طلاق یافتہ خواتین ہیڈ ماسٹرس، اساتذہ یا ان کے شریک حیات کینسر، ہڈیوں کی ٹی بی، بائی پاس سرجری، گردہ اور جگر کی پوندکاری، نیوروسرجری، مسکولر ڈسٹروفی ڈائیلاسیس مریضوں کو ترجیحی زمرے میں شامل کیا جائے گا۔

ذیابیطس، نفسیاتی امراض، دل کی بیماری والے بچوں کے والدین بھی ترجیحی زمرے سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ انہیں یکم ؍جنوری سے قبل کی تاریخوں میں ڈسٹرکٹ میڈیکل بورڈ سے سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔ محکمہ تعلیم نے ٹیچرس کو رخصت نہ دینے کی ڈی ای اوز کو احکامات جاری کئے۔ ٹیچرس کے تبادلوں اور ترقیوں کا جائزہ لینے کیلئے ڈی ای اوز کا اجلاس طلب کیا گیا جس میں مختلف امور کا جائزہ لینے کے بعد یہ ہدایت دی گئی۔ احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر سی سی اے رول 1991ء کے تحت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button