اوساکا ایکسپو 2025: ’ہیومن واشنگ مشین‘ کی دھوم
جاپانی کمپنی نے متعارف کرائی جدید مشین جو 15 منٹ میں انسان کو صاف اور خشک کر دے
اوساکا:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) اوساکا ایکسپو 2025 میں جاپانی کمپنی نے ایک ایسا جدید آلہ متعارف کروایا ہے جسے دیکھ کر دنیا حیران رہ گئی ہے۔ اس مشین کا نام ’ہیومن واشنگ مشین آف دی فیوچر‘ رکھا گیا ہے، جو صرف 15 منٹ میں انسان کے جسم کو صاف اور خشک کر سکتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اوساکا ایکسپو 2025 رواں سال اپریل میں شروع ہوا تھا اور 13 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ اس سال کی تھیم ’ڈیزائننگ فیوچر سوسائٹی فار اوولائف‘ رکھی گئی ہے، جس میں دنیا بھر کی مختلف کمپنیاں اپنی جدید ٹیکنالوجیز اور اختراعات کی نمائش کر رہی ہیں، جو انسانی زندگی کو آسان اور سہل بنانے میں مددگار ثابت ہوں۔
جاپانی کمپنی ’سائنس کو‘ نے اس مشین کی تخلیق میں جدید ٹیکنالوجی جیسے اے آئی، مائیکرو بلبلز اور اسپا کے تجربات کو شامل کیا ہے تاکہ انسانی جسم کو نہ صرف صاف بلکہ آرام دہ طریقے سے دھویا جا سکے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جاپانی ٹیکنالوجی کمپنی سانیو الیکٹرک نے 1970 میں اس مشین کا تصور پیش کیا تھا، جس سے متاثر ہو کر سائنس کو نے اوساکا ایکسپو 2025 میں اس کا جدید ورژن پیش کیا۔ اس موقع پر ایکسپو میں موجود 100 شرکا خود اس مشین کا تجربہ بھی کر سکیں گے۔



