نیویارک ، 9فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) ہالی وڈ کے سب سے معتبر ایوارڈز آسکرز کے لیے نیٹ فلکس کی ویسٹرن فلم ‘دی پاور آف دی ڈوگ (The Power of the Dog)12 کیٹیگریز میں نامزد ہو کر سب سے آگے ہے۔
94ویں اکیڈمی ایوارڈز کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی دنیا کے بہترین اداکار، اداکارہ، ہدایت کار، فلم اور دیگر کیٹگریز میں ٹرافی کے حق دار وہی لوگ ہوں گے جنہیں جیوری سب سے بہتر سمجھے گی۔
رواں برس آسکرز کی رنگا رنگ تقریب 27 مارچ کو لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹر میں منعقد ہو گی۔ اس سال کی تقریب میں خاص بات یہ ہے کہ اس میں تین سال میں پہلی بار باقاعدہ میزبان ہوگا۔آسکرز کی نامزدگیوں میں دوسرے نمبر پر سائنس فکشن فلم ڈیون ہے، جس نے 10 کیٹیگریز میں نامزدگیاں حاصل کی ہیں جب کہ بلفاسٹ اور ویسٹ سائڈ اسٹوری کو سات سات نامزدگیاں ملی ہیں۔
اسی طرح امریکی اداکار ول اسمتھ کی کنگ رچرڈ کو چھ کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا ہے۔اس سال بہترین فلم کے آسکر کے لیے نامزد ہونے والی فلموں میں ہدایت کار اسٹیون اسپیل برگ کی میوزیکل فلم ویسٹ سائڈ اسٹوری، ہدایت کارہ جین کیمپین کی ویسٹرن مووی دی پاور آف دی ڈوگ اور کینیتھ برینا کی فلم بلفاسٹ قابلِ ذکر ہیں۔
بہترین فلم کی کیٹیگری میں انٹرنیشنل فلم سی او ڈی اے، نیٹ فلکس کی بلیک کامیڈی فلم ڈونٹ لک اپ، سائنس فکشن فلم ڈیون، ڈرائیو مائی کار، لیکورش پیزا ، اور نائٹ میئر ایلی بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔\
بہترین ہدایت کار کی کیٹیگری میں ویسٹ سائڈ اسٹوری کے لیے اسٹیون اسپیل برگ، دی پاور آف دی ڈوگ کے لیے جین کیمپیئن اور بلفاسٹ کے لیے کینیتھ برینا، لیکورش پیزا کے لیے پال ٹامس اینڈرسن اور ڈرائیو مائی کار کے لیے جاپانی ہدایت کار یوسکی ہماگچی کو نامزد کیا گیا ہے۔اس بار آسکرز کے لیے بہترین اداکار واداکارہ کی گیٹیگری کے لیے ایک شادی شدہ جوڑا بھی نامزد ہوا ہے۔



