
پاکستان: کورونا ویکسی نیشن نہ کروانے والوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کرنے کی سفارش
کراچی،24؍جولائی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سندھ حکومت نے این سی او سی سے کورونا ویکسی نیشن نہ کروانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا، جس میں موبائل #فون سم کے بعد #سوشل #میڈیا #اکاؤنٹس بلاک کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کورونا ویکسی نیشن نہ کروانے والوں کیخلاف سخت ایکشن کا فیصلہ کرلیا، اس حوالے محکمہ صحت سندھ کی جانب سے این سی او سی کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔
مراسلے میں محکمہ صحت #سندھ نے 4مراحل میں کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں موبائل فون سم بلاک کرنے کا انتباہ بھیجا جائے، دوسرے مرحلیمیں سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کرنے کی سفارش کی جائے۔مراسلے میں کہا گیا کہ تیسرے مرحلیمیں موبائل فون سے کالز کرنے کی سہولت ختم کردی جائے اور چوتھیمرحلے میں #ویکسین نہ لگوانے پرموبائل فون سم بلاک کردی جائے۔
محکمہ صحت سندھ نے مراسلے میں این سی او سی پی ٹی اے سے بھی فوری اقدامات کا کہا ہے۔گذشتہ روز سندھ حکومت نے ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کی موبائل سم بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور کہا گیا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اس ضمن میں پی ٹی اے کو خط لکھیں گے۔صوبائی حکومت نے ہدایت کی تھی کہ پی ٹی اے لوگوں کو میسج کی صورت میں پیغام بھیجے کہ ویکسین لگوائیں اور جو لوگ ایک ہفتے میں ویکسین نہ لگوائیں ان کی موبائل سم بلاک کی جائے۔
خیال رہے ‘ڈیلٹا’کے پھیلاؤ کے پیش نظر سندھ حکومت نے دوبارہ پابندیوں عائد کردی ہے، پیر سے تعلیمی ادارے بند ہوں گے جبکہ دیگر کاروباری امور سے متعلق بھی قوائد وضوابط تبدیل کیے گئے ہیں۔



