ریاض، 24اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر موجود وزیراعظم عمران خان نے اپنی اہلیہ اور وفد کے ہمراہ عمرے کی سعادت حاصل کی۔ سنیچر کو وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر تین روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے۔مدینہ پہنچنے پر مدینہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن خالد الفیصل نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔ وزیراعظم جب جہاز سے باہر آئے تو وہ جوتوں کے بغیر ننگے پاؤں تھے۔ انہوں نے مدینہ میں روضہ رسولﷺ پر حاضری دی اور نوافل ادا کیے۔
مدینہ میں روضہ رسولﷺ پر حاضری کے بعد وزیر اعظم عمران خان وفد کے ہمراہ جدہ پہنچے جہاں مکہ کے نائب گورنر شہزادہ بدر بن سلطان السعود نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔مکہ پہنچنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے عمرہ کی سعادت حاصل کی۔وزیراعظم کے وفد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر توانائی حماد اظہر اور معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم شامل ہیں ۔
قبل ازیں پاکستان کے وزرات خارجہ سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم 23 اکتوبر سے 25 اکتوبر کے دورے کے دوران ریاض میں ہونے والی ’مڈل ایسٹ گرین اینی شیئٹیو‘ سربراہی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
سربراہی کانفرنس کے دوران وزیراعظم ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک کو درپیش چینلجز پر اپنا نکتہ نظر بیان کریں گے۔وزیراعظم اس موقع پر ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قدرتی طریقوں پر مبنی پاکستانی تجربات پر بھی روشنی ڈالیں گے۔پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے ایسے اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہوئے پیش کش کی تھی کہ اس سلسلے میں پاکستان کلین اینڈ گرین پاکستان اور ٹین بلین ٹری سونامی جیسے منصوبوں کا تجربہ بھی شیئر کر سکتا ہے۔



