بین الاقوامی خبریں

مصر- قطر کی ثالثی سے رہائی پانے والا فلسطینی لڑکا پھر اسرائیل شکنجے میں

گرفتار ہونے والے لڑکے کا نام یوسف عبداللہ الخطیب بتایا جاتا ہے

غزہ، 25جنوری:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) فلسطین کی تحریک حماس نے  بتایا ہے کہ اسرائیل نے مصر اور قطر کی ثالثی میں طے پانے والے معاہدے کے نتیجے میں رہائی پانے والے ایک فلسطینی لڑکے کو دوبارہ گرفتار کر لیا ہے۔گرفتار ہونے والے لڑکے کا نام یوسف عبداللہ الخطیب بتایا جاتا ہے۔حماس نے یوسف کی گرفتاری کے نتائج کی تمام ذمہ داری اسرائیل پر ڈالتے ہوئے مصری اور قطری ثالثوں سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے تاکہ اسرائیل کو رہائی معاہدے کے بعد صہیونی قید سے آزاد ہونے والے فلسطینیوں کو از سر نو گرفتار کرنے سے باز رکھا جا سکے۔

یاد رہے اسرائیل اور حماس نے انسانی بنیادوں پر گذشتہ برس نومبر میں قطر، مصر اور امریکہ کی نگرانی میں عبوری جنگ بندی معاہدہ کیا تھا؛ جس کے بموجب 7 اکتوبر کے بعد سے حماس کے پاس یرغمال دسیوں اسرائیلی خواتین اور بچوں کو رہائی ملی؛ جبکہ بدلے میں اسرائیل نے اپنی جیلوں سے 240 خواتین اور کم عمر فلسطینی بچوں کو رہا کیا تھا۔غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی مسلسل بمباری سے اب تک پچیس ہزار سے زائد فلسطینی جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی بتائی جاتی ہے۔ غزہ میں وزارت صحت کے مطابق اس کارروائی میں 65 ہزار کے قریب فلسطینی زخمی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button