جدہ، ریاض اور مدینہ کے ایئرپورٹس پر مسافروں کو سعودی ویزٹ ویزا ملنا شروع
اس ویزا کی معیاد 90 دن ہے اور اس ویزا پر سعودی عرب میں 4 دن تک مقیم رہا جا سکتا ہے
ریاض، 3فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہلی مرتبہ چار روز کے مفت عبوری ویزٹ ویزا کی سہولت پر عمل شروع ہوگیا۔ بائی ایئر آنے والے مسافروں نے ویزٹ ویزا سے فائدہ اٹھایا ہے۔سعودی محکمہ پاسپورٹ نے تمام انٹرنیشنل ایئر پورٹس پر اہل انسانی کیڈرز اور تکنیکی آلات کی مدد سے آنے والوں کے لیے وزٹ ویزا حاصل کرنے والوں کو الیکٹرانک طور پر خدمات فراہم کرنے کی اپنی تیاری کی تصدیق کردی۔
اس ویزا کی معیاد 90 دن ہے اور اس ویزا پر سعودی عرب میں 4 دن تک مقیم رہا جا سکتا ہے۔خیال رہے ویزا رکھنے والے سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں گھوم پھر سکتے اور مختلف تقریبات میں شرکت کر سکتے ہیں۔ اس نئے پروگرام کے تحت مفت ویزا حاصل کرنے والے عمرہ کرنے کے لیے ’’نسک‘‘ ایپ پر درخواست بھی دے سکتے ہیں۔ تاہم اس ویزا پر ڈرائیونگ کرنے یا حج کرنے کی سہولت دستیاب نہیں ہے۔



