پاسپورٹ فیس میں اضافہ، یکم جولائی 2026 سے نئے نرخ نافذ، عام اور تتکال خدمات مہنگی
حکومت ہند نے پاسپورٹ فیس میں کیا اضافہ، عام اور تتکال دونوں خدمات مہنگی
نئی دہلی، 25 جون:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) پاسپورٹ بنوانے کی تیاری کر رہے شہریوں کے لیے اہم خبر ہے۔ مرکزی حکومت نے یکم جولائی 2026 سے پاسپورٹ فیس میں نمایاں اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزارت خارجہ کے مطابق نئی فیسیں یکم جولائی سے جمع کرائی جانے والی تمام درخواستوں پر لاگو ہوں گی۔ 2012 کے بعد گزشتہ 14 برسوں میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پاسپورٹ فیس میں بڑے پیمانے پر اضافہ کیا گیا ہے۔
18 سال یا اس سے زیادہ عمر کے درخواست دہندگان کے لیے 36 صفحات والے عام پاسپورٹ کی فیس 1,500 روپے سے بڑھا کر 2,500 روپے کر دی گئی ہے۔ جبکہ تتکال (Tatkal) سروس کے ذریعے پاسپورٹ حاصل کرنے کے لیے اب 5,000 روپے ادا کرنے ہوں گے، جو پہلے 3,500 روپے تھی۔
اسی طرح 60 صفحات والے پاسپورٹ کے لیے عام زمرے میں 3,500 روپے اور تتکال سروس کے لیے 6,000 روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔
اگر کسی شہری کا پاسپورٹ گم ہو جائے یا خراب ہو جائے اور وہ نیا پاسپورٹ حاصل کرنا چاہے تو اس پر بھی یہی نئی فیسیں لاگو ہوں گی۔
18 سال سے کم عمر بچوں کے لیے 36 صفحات والے پاسپورٹ کی عام فیس 1,750 روپے جبکہ تتکال فیس 4,250 روپے مقرر کی گئی ہے۔ نابالغ افراد کے گمشدہ یا خراب پاسپورٹ کی دوبارہ اجرائی کے لیے عام درخواست پر 4,250 روپے اور تتکال سروس کے تحت 6,750 روپے ادا کرنے ہوں گے۔
وزارت خارجہ نے پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ (PCC) اور سرنڈر سرٹیفکیٹ سمیت دیگر پاسپورٹ سے متعلق خدمات کی فیس 750 روپے مقرر کی ہے۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ یکم جولائی 2026 یا اس کے بعد جمع کرائی جانے والی تمام پاسپورٹ درخواستوں پر یہی نئے نرخ لاگو ہوں گے۔



