بین ریاستی خبریںجرائم و حادثاتسرورق

پٹنہ میں ایس ایس سی کی تیاری کرنے والی طالبہ سے زیادتی، بوائے فرینڈ پر چاقو سے حملے کا الزام

شادی کے وعدے کے بعد ملزم نے اس پر جسمانی تعلقات کے لیے دباؤ ڈالا

پٹنہ 23 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں ایک طالبہ کے ساتھ مبینہ عصمت دری کا سنگین معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس کے مطابق ایس ایس سی امتحان کی تیاری کرنے والی 26 سالہ طالبہ نے اپنے بوائے فرینڈ پر چاقو کی نوک پر زیادتی اور حملے کا الزام عائد کیا ہے۔ واقعہ شاستری نگر علاقے میں پیش آیا جہاں متاثرہ کو زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا۔

اطلاعات کے مطابق طالبہ کدمکواں کے ایک ہاسٹل میں رہتی ہے اور ایک نجی نرسنگ ہوم میں پارٹ ٹائم ملازمت بھی کرتی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کی گزشتہ ایک سال سے آئی جی آئی ایم ایس میں ڈیٹا آپریٹر کے طور پر کام کرنے والے منیش یادو سے جان پہچان تھی۔ دونوں کے درمیان قریبی تعلقات تھے اور ملزم نے مبینہ طور پر شادی کا وعدہ کیا تھا۔

متاثرہ کے بیان کے مطابق ملزم نے جمعرات کی رات اسے ملاقات کے بہانے شاستری نگر کے مچھلی گلی علاقے میں واقع اپنے کرائے کے کمرے میں بلایا۔ وہاں اس نے جسمانی تعلقات قائم کرنے کے لیے دباؤ ڈالا۔ طالبہ نے شادی کا مطالبہ کیا تو دونوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔ الزام ہے کہ ملزم نے گھر میں موجود چاقو سے طالبہ پر حملہ کیا جس سے اس کی گردن، بازو اور کندھے پر زخم آئے۔

پولیس کے مطابق بعد میں ملزم نے زخمی طالبہ کو یرغمال بنا کر اس کے ساتھ زیادتی کی۔ متاثرہ کسی طرح وہاں سے نکلی اور خود آئی جی آئی ایم ایس اسپتال پہنچی جہاں اس کا علاج کیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ کی اطلاع پر شاستری نگر پولیس موقع پر پہنچی اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔

سکریٹریٹ ڈی ایس پی ساکیت کمار نے بتایا کہ واقعے کے بعد ملزم فرار ہوگیا ہے۔ پولیس مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے اور موبائل فون کی مدد سے اس کا سراغ لگانے کی کوشش جاری ہے۔ پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button