
پٹنہ : دودھ کی بقایہ رقم کے مطالبہ پر دو گروپوں کے درمیان فائرنگ، 3 افراد جاں بحق
دو گروپوں کے درمیان زبردست فائرنگ ہوئی۔
پٹنہ، 15ستمبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) بہار کے دارالحکومت پٹنہ کے فتوحہ تھانہ علاقہ کے سورگا گاؤں میں کل دیر رات دودھ کے بقایہ کے مطالبے کو لے کر معمولی تنازعہ پر دو گروپوں کے درمیان زبردست فائرنگ ہوئی۔ فائرنگ کے واقعے میں گولی لگنے سے 3 افراد جاں بحق جب کہ ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔ فوری طور پر تمام شدید زخمیوں کو علاج کے لیے فتوحہ پی ایچ سی میں داخل کرایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے علاج کے دوران تین افراد کو مردہ قرار دے دیا۔شدید زخمی نوجوان کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد بہتر علاج کے لیے پی ایم سی ایچ ریفر کر دیا گیا۔فائرنگ میں تین افراد کی موت کی اطلاع ملتے ہی فتوحہ ڈی ایس پی سمیت مختلف تھانوں کی پولیس موقع پر پہنچ گئی، تینوں نعشوں کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے نالندہ میڈیکل کالج بھیج دیا۔ ہلاک شدگان کی شناخت 50 سالہ جئے سنگھ، 40 سالہ شیلیش کمار اور 35 سالہ پردیپ کمار کے طور پر ہوئی ہے جو سورگا پار گاؤں کے رہنے والے ہیں۔ زخمی نوجوان کی شناخت 22 سالہ منٹس کمار کے طور پر ہوئی ہے۔
اس بارے میں بتایا گیا ہے کہ دودھ کے بقایہ کا مطالبہ کرنے پر دونوں طرف کے لوگ آپس میں لڑ پڑے اور جلد ہی دونوں فریقوں کے درمیان زبردست لڑائی اور فائرنگ شروع ہو گئی جس میں ایک طرف سے جے سنگھ اور شیلیش کمار گولی لگنے سے ہلاک ہو گئے۔ فائرنگ میں دوسرے فریق کے پردیپ کمار کی گولی لگنے سے موت ہو گئی، جبکہ منٹس کمار شدید زخمی ہو گیا۔ یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ گاؤں کے جے سنگھ کا پردیپ کمار کے ساتھ زمینی تنازعہ چل رہا تھا اور زمینی تنازعہ کے دوران دونوں طرف کے لوگ آپس میں لڑ پڑے اور جلد ہی لڑائی اور فائرنگ شروع ہو گئی جس میں تین افراد کی موت ہو گئی۔ فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔
متوفی پردیپ کمار کے بھائی ہرشدیپ کمار نے پولیس کو اطلاع دی ہے کہ جب اس نے دودھ کی واجب مقدار کا مطالبہ کیا تو دوسرے فریق نے فائرنگ کی۔ متوفی جئے سنگھ کی بہن کنتی دیوی نے پولیس کے سامنے اعتراف کیا ہے کہ زمین کے تنازعہ پر دوسرے فریق نے فائرنگ کی۔ موقع پر موجود فتوحہ ڈی ایس پی سیارام یادو نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے فائرنگ میں تین افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی۔



