پیگاسس جاسوسی کیس: اپوزیشن بے حقیقت اور جھوٹے الزامات لگا کر ملک کو بدنام کررہی ہے: یوگی
لکھنؤ ، 20جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) یوپی کے #وزیراعلیٰ #یوگی آدتیہ ناتھ (UP Chief Minister Yogi Adityanath)نے ملک کی پارلیمنٹ میں پیگاسس جاسوسی #اسکینڈل پر ہنگامے کے بعد حزب اختلاف پر حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف جاسوسی اسکینڈل کے بہانے #پارلیمنٹ کی بحث کو آگے بڑھنے نہیں دے رہی ہے اور جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگا کر ملک کو بدنام کررہی ہے۔انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ ایک بڑی سازش کا حصہ ہے۔ پارلیمنٹ کا اجلاس شروع ہونے سے قبل اس طرح کے من گھڑت الزامات عائد کئے جا رہے ہیں ۔
پارلیمنٹ کے اس اجلاس میں کسان تحریک اور کرونا کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جانا ہے ، لیکن حزب اختلاف پوری طاقت سے اس سیشن کو ضائع کرنے پر آمادہ ہے، یوگی نے کہا کہ یہ’ جمہوریت‘ کی توہین ہے،ملک کو بدنام کرنے کی حزب اختلاف کی یہ سوچ کبھی بھی کامیاب نہیں ہوگی۔یوگی کے مطابق جب امریکی صدر ہندوستان آئے تھے، اس وقت فسادات کی منصوبہ بندی کی گئی تھی، یہ سب ملک کو بدنام کرنے کی کوشش ہے، یوگی نے کہا کہ اپوزیشن ملک کے امیج کو خراب کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نہیں چاہتی کہ ملک کے پسماندہ طبقہ کے لوگ آگے آئیں۔ یہی وجہ ہے کہ جب پارلیمنٹ اجلاس کے پہلے دن دلت اور پسماندہ طبقات کے وزراء کا تعارف کرایا جانا تھا، تو وہاں ہنگامہ آرائی ہوئی ۔ اپوزیشن کبھی اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔



