قومی خبریں

ٹوئٹر کو آئی ٹی قواعد پر عمل کرنے اور شکایت کے ازالے کیلئے مقامی افسر مقرر کرنے کی ہدایت دینے کی اپیل،ہائی کورٹ میں عرضی داخل

نئی دہلی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دہلی ہائی کورٹ میں دائر ایک مفادعامہ کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ٹویٹر نے شکایت کے ازالے کے لئے مقامی عہدیداروں کی تقرری کے لئے مرکز کے آئی ٹی قانون کے قوانین پر عمل نہیں کیا ہے۔ اس میں درخواست کی گئی ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹویٹر کو ہدایت دی جائے کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے اس اصول پر عمل کرے۔

وکیل امیت آچاریہ کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ انفارمیشن ٹکنالوجی ایکٹ 25 فروری کو نافذ ہوا اور مرکز نے ٹویٹر سمیت تمام سوشل میڈیا فارمز کو ان کی پیروی کے لئے تین ماہ کی مہلت دی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ یہ مدت 25 مئی کو ختم ہوگئی لیکن ٹویٹر نے اس پلیٹ فارم پر ٹویٹ سے متعلق شکایات کو دیکھنے اور شکایت کے ازالے کیلئے ایک مقامی افسر کو مقرر نہیں کیا ہے۔

آچاریہ نے درخواست میں کہا کہ جب انہوں نے کچھ ٹویٹس کے بارے میں شکایت درج کروانے کی کوشش کی تو انہیں سرکاری قوانین کی مبینہ عدم تعمیل کے بارے میں پتہ چلا۔درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ٹویٹر کو بغیر کسی تاخیر کے شکایت کے ازالے کیلئے مقامی افسر کی تقرری کی ہدایت دی جائے۔ اس نے آئی ٹی کے ضوابط کی تعمیل کو یقینی بنانے کے لئے مرکز کو ہدایت دینے کی بھی مانگ کی۔

ٹویٹر نے حال ہی میں آئی ٹی کے نئے قواعد پر تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ یہ قواعد آزادانہ اور کھلی عوامی بات چیت کوروکتاہے۔اس کے جواب میں مرکز نے کہا کہ ٹویٹرہندوستان کو بدنام کرنے کے لئے بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button