
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)خوردہ ایندھن کی قیمتیں ملک میں ریکارڈ توڑ رہی ہیں۔ منگل یکم جون 2021 کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے دن اضافہ کیا گیا۔ 15 مئی کے بعد سے قیمتوں میں ایک دن کے وقفہ سے مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے، لیکن آج مسلسل دوسرا دن ہے جب قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ آج جہاں پیٹرول کی قیمت میں 27 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے تو ڈیزل کی قیمت میں بھی 23 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے۔
ملک کے بہت سے شہروں میں پٹرول 100 روپئے سے تجاوز کرچکا ہے اور دارالحکومت دہلی میں بھی اس کی قیمت 94 روپئے سے زیادہ ہے۔ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ 2 دن کے اضافہ میں ہی پٹرول 56 پیسے مہنگا ہوگیا ہے۔ پیر کو پٹرول کی قیمت میں 29 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔ جبکہ ڈیزل دو دن میں 49 پیسے مہنگا ہوگیا ہے۔ کل ڈیزل 26 پیسے مہنگا ہوا تھا۔ واضح ہو کہ مئی کے مہینے میں تیل کی قیمتوں میں ۶۱بار اضافہ کیا گیا تھا۔
2 مئی کو پانچ ریاستوں اور مرکزکے زیر انتظام علاقوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد سے تیل کی قیمتوں میں 4 مئی سے اضافہ شروع ہواتھا۔ اس سے قبل تیل کی قیمتوں میں تقریبا دو ماہ تک کوئی اضافہ نہیں ہوا تھا، جبکہ اپریل میں معمولی کٹوتی بھی ہوئی تھی۔ لیکن 4 مئی کے بعد قیمتوں میں آگ لگی۔ مئی میں وقفے وقفے سے اضافے کی وجہ سے پیٹرول 4.17 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوگیا ہے۔ جبکہ ڈیزل کی قیمت میں بھی 4.60 روپئے فی لیٹر کا اضافہ ہوا ہے۔



