تلنگانہ کی خبریں

پی جی میڈیکل کونسلنگ کے شیڈول کا اعلان، رجسٹریشن کا عمل شروع

پی جی میڈیکل کورسز کے داخلوں کے لیے 2025 کا کونسلنگ شیڈول جاری

حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) میڈیکل کونسلنگ کمیٹی (MCC) نے پی جی میڈیکل کورسز کے داخلوں کے لیے 2025 کا کونسلنگ شیڈول جاری کردیا ہے۔ اس شیڈول کے تحت آل انڈیا کوٹہ میں 50 فیصد نشستیں جبکہ بقیہ نشستیں ریاستی کوٹہ کے تحت ایم ڈی، ایم ایس اور پی جی ڈپلوما کورسز میں تقسیم کی جائیں گی۔

ریاستی کوٹہ کی نشستوں کی بھرتی کے لیے کالوجی نارائن راؤ ہیلتھ یونیورسٹی کی جانب سے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ یونیورسٹی ذرائع کے مطابق اس سال بھی داخلے چار مرحلوں میں ہوں گے، جن میں دو راؤنڈز کے علاوہ میاپ اپ اور اسٹرے ویکنسی راؤنڈ شامل ہیں۔

رجسٹریشن کا عمل منگل سے شروع ہوچکا ہے اور یہ 5 نومبر تک جاری رہے گا۔ اہل طلبہ آن لائن درخواست داخل کرسکتے ہیں۔ نشستوں کی تقسیم کے بعد نتائج کا اعلان 8 نومبر کو کیا جائے گا۔ جن امیدواروں کو نشستیں حاصل ہوں گی، انہیں 9 سے 14 نومبر کے درمیان اپنے متعلقہ میڈیکل کالجس میں رپورٹ کرنا ہوگا۔

ایم سی سی کے مطابق، جنوری کے پہلے ہفتہ میں آل انڈیا کوٹہ اور ریاستی کوٹہ کی بچی ہوئی نشستوں کو اسٹرے ویکنسی کے تحت پُر کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس سال میڈیکل پی جی داخلوں کے لیے طلبہ کی بڑی تعداد نے NEET-PG امتحان میں شرکت کی تھی، اور اب داخلہ عمل کے آغاز سے طلبہ میں جوش و خروش دیکھا جارہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ داخلہ پالیسی میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے آن لائن کونسلنگ کے تمام مراحل کی مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ کسی بھی طرح کی بے ضابطگی سے بچا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button