
نیویارک،31اگست:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)امریکہ کا افغانستان سے انخلا مکمل ہو گیا، امریکی وزارتِ دفاع نے ایک تصویر جاری کی ، جس کے بارے میں کہا گیا ہے کہ یہ افغانستان چھوڑنے والا آخری امریکی فوجی ہے۔اس حوالے سے تفصیلات دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ میجر جنرل کرس ڈوناہو ہیں جو امریکہ سے روانہ ہونے والے آخری سی 17 طیارے میں سوار ہونے لگے ہیں۔امریکہ 20 سال بعد افغانستان سے نکل گیا ہے۔
امریکہ نے ڈیڈ لائن سے ایک دن پہلے انخلا مکمل کرلیا اورحامد کرزئی ایئر پورٹ سے آخری 3 امریکی جہاز روانہ ہوئے۔امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل کیتھ ایف میکنزی نے کہا ہے کہ کابل ایئر پورٹ سے آخری امریکی پرواز روانہ ہوئی،سکیورٹی صورت حال خراب ہونے کے بعد ہم نے پلان تبدیل کیا۔طالبان پر واضح کیا تھا کہ اپنا اور اتحادیوں کا انخلا مکمل کریں گے،طالبان کو بتا دیا تھا کہ انخلا میں مداخلت برداشت نہیں کریں گے۔
آخری امریکی پرواز کہاں روانہ ہوئی ابھی نہیں بتا سکتا، افغانستان میں 2 ہزار کے قریب داعش کے لوگ ہیں، انخلا کے گزشتہ 18 روز بہت مشکل تھے۔طالبان نے آخری وقت میں انخلا مکمل کرنے میں تعاون کیا۔جنرل میکنزی نے کہا کہ یہ امریکہ کی فوج کی تاریخ میں انخلا کا سب سے بڑا غیر جنگجو مشن تھا،امریکی فوج نے ایک دن میں 7500 سے زیادہ شہریوں کا انخلا یقینی بنایا،یہ ایک تاریخی کامیابی ہے۔



