قومی خبریں

پی ایم مودی نے ملک کا بہت بڑا حصہ چین کے حوالے کر دیا: راہل گاندھی

نئی دہلی،14ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے الزام لگایا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کی زمین کا ایک بڑا حصہ خاموشی سے چین کے حوالے کر دیا ہے۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا کہ چین نے اپریل 2020 تک جمود کو بحال کرنے کے ہندوستان کے مطالبے کو ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ وزیراعظم نے بغیر کسی لڑائی کے چین کو 1000 مربع کلومیٹر زمین دے دی ہے۔راہل گاندھی نے کہا کہ چین نے سرحد پر جمود برقرار رکھنے کی ہندوستان کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ملک کی سرحد کا جو حصہ خاموشی سے چین کے حوالے کیا گیا ہے، کیا وہ واپس ملے گا؟ انہوں نے کہا کہ کیا ہندوستانی حکومت بتا سکتی ہے کہ اس علاقے کو دوبارہ کیسے حاصل کیا جائے گا۔


ووٹروں کو پولرائز کرنے کیلئے سماجی تانے بانے توڑے جا رہے ہیں: سونیا گاندھی

نئی دہلی،14ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی نے بدھ کو مرکز کی نریندر مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ گزشتہ آٹھ سالوں میں اقتدار منتخب سیاست دانوں اور کاروباری شخصیات کے ہاتھوں میں مرتکز ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے ہندوستان کی جمہوریت اور جمہوری ادارے کمزور ہو رہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ آئینی اقدار اورجمہوری اصولوں پر حملہ کیا جا رہا ہے اور انتخابی فوائد کے لیے ووٹرز کو پولرائز کرنے کے لیے جان بوجھ کر سماجی ہم آہنگی اور سماجی تانے بانے توڑے جا رہے ہیں۔کانگریس کے سربراہ نے ہندوستان ٹائمز کے ایک مضمون میں لکھا ہے کہ جو ادارے پہلے آزاد تھے وہ اب ایگزیکٹیو کا آلہ کار بن چکے ہیں، جو کہ متعصبانہ انداز میں کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نتیجتاً، انتخابی عطیات اور صنعت کاروں کی ملی بھگت سے کمائی گئی رقم کی بنیاد پر انتخابی نتائج کو مسخ کیا جا رہا ہے۔ حکومتی ادارے حکومت کی مخالفت کرنے والی کسی بھی سیاسی جماعت کے پیچھے پڑ جاتے ہیں۔گاندھی کا مضمون کنیا کماری سے کشمیر تک نکالی جانے والی کانگریس کی خصوصی مہم’بھارت جوڑو یاترا‘ کے درمیان آیا ہے۔ اس یاترا کا مقصد ملک میں پھیلی سماجی تقسیم کا مقابلہ کرنا اور پارٹی کو تقویت دینا ہے ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button