چین کے زمین ہڑپنے پر پی ایم مودی سچ نہیں بول رہے ہیں: راہل گاندھی
ہندودستان کی ہزار کلومیٹر زمین چین نے چھین لی ہے
لیہ؍نئی دہلی ، 25اگست:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)کرگل کا دورہ کر رہے کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے پی ایم مودی پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ ہندودستان کی ہزار کلومیٹر زمین چین نے چھین لی ہے اور ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اس معاملہ میں حزب اختلاف کے ساتھ اجلاس میں جھوٹ بولا۔ خبر رساں کے مطابق لداخ کے دورے کے تحت کرگل پہنچے راہل گاندھی نے کہا کہ لداخ ایک اسٹریٹیجک جگہ ہے۔ ایک بات تو واضح ہے کہ چین نے بھارت کی زمین چھین لی ہے۔ چین نے ہم سے ہزاروں کلومیٹر زمین چھین لی ہے۔ یہ افسوسناک ہے کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نے اپوزیشن کے اجلاس میں کہا کہ ہندوستان کا ایک انچ بھی کسی نے نہیں لیاہے، یہ بالکل غلط ہے۔
لداخ کا ہر فرد جانتا ہے کہ چین نے لداخ کی زمین لے لی ہے ،لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ وزیر اعظم اس معاملہ پر سچ نہیں بول رہے ہیں۔راہل گاندھی ان دنوں لداخ کے دورے پر بائیک سے سفر کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ مہینے قبل ہم کنیا کماری سے کشمیر تک پیدل گئے تھے۔ اسے بھارت جوڑو یاترا کا نام دیا گیا تھا۔ اس کا مقصد ملک میں بی جے پی آر ایس ایس کی طرف سے پھیلائی گئی نفرت اور تشدد کیخلاف کھڑا ہونا تھا۔ ملک میں بھائی چارہ، محبت پھیلانے کی کوشش کی، یاترا سے جو پیغام آیا وہ تھا کہ ’’ہم نفرت کے بازار میں محبت کی دکان کھولنے نکلے ہیں‘‘۔ حال ہی میں، میں نے اپنی آنکھوں سے یہ دیکھا۔راہل گاندھی نے مزید کہا کہ یاترا سری نگر میں رکنے کے لیے نہیں تھی۔ یاترا لداخ میں آنی تھی۔ اس وقت موسم سرما اور برف باری تھی، انتظامیہ نے کہا تھا کہ ہم لداخ نہ آئیں۔ ہم نے اس کی بات مان لی۔ لیکن دل میں تھا کہ لداخ بھی جانا چاہیے۔ میں نے ایک چھوٹا سا قدم اٹھایا۔ پیدل نہیں بلکہ موٹرسائیکل پر گئے اور لوگوں سے بات کی۔



