قومی خبریں

وزیر اعظم نریندر مودی کو عمان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز، ’’آرڈر آف عمان (فرسٹ کلاس)‘‘ سے نوازا گیا

ہندوستان ۔عمان فری ٹریڈ معاہدہ پردستخط

حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) وزیر اعظم نریندر مودی کو عمان کے سرکاری دورے کے دوران سلطانِ عمان ہیثم بن طارق نے ملک کے اعلیٰ ترین سول اعزاز ’’آرڈر آف عمان (فرسٹ کلاس)‘‘ سے نوازا۔ یہ اعزاز بھارت اور عمان کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے، سفارتی تعاون کو مضبوط بنانے اور باہمی شراکت داری میں نمایاں کردار ادا کرنے کے اعتراف میں دیا گیا۔

یہ باوقار اعزاز اس سے قبل دنیا کی کئی ممتاز عالمی شخصیات کو دیا جا چکا ہے، جن میں برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم، جاپان کے شہنشاہ اکِہیتو، جنوبی افریقہ کے عظیم رہنما نیلسن منڈیلا اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم شامل ہیں۔ اس فہرست میں وزیر اعظم مودی کا نام شامل ہونا بھارت کے لیے ایک بڑی سفارتی کامیابی تصور کی جا رہی ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی دو روزہ دورے پر مسقط پہنچے تھے، جو ان کے تین ملکی دورے کا آخری پڑاؤ تھا۔ اس سے قبل وہ اردن اور ایتھوپیا کا دورہ کر چکے تھے۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ عمان میں اعزاز ملنے سے ایک دن قبل ایتھوپیا نے بھی وزیر اعظم مودی کو اپنا اعلیٰ ترین سول اعزاز ’’گریٹ آنر نِشان آف ایتھوپیا‘‘ عطا کیا تھا۔

مسقط میں بھارتی برادری اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے تارکینِ وطن کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی کمیونٹی بقائے باہمی اور تعاون کی زندہ مثال ہے اور دنیا بھر میں بھارت کی مثبت شناخت قائم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ آج ہم سب ایک خاندان کی طرح اکٹھا ہوئے ہیں اور اپنے ملک اور ’’ٹیم انڈیا‘‘ کا جشن منا رہے ہیں۔ انہوں نے بھارت کی ثقافتی ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تنوع بھارتی تہذیب کی مضبوط بنیاد ہے، جو عالمی سطح پر بھارت کی شناخت کو مزید مستحکم بناتی ہے۔

وزیر اعظم ہند نریندر مودی نے سلطان ہاشم بن طارق السعید سے ملاقات کی اور دو طرفہ معاملوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران ہندوستان اور عمان نے ’مفت تجارتی معاہدہ‘ (ایف ٹی اے) پر دستخط کیے جس کے دور رَس اثرات مرتب ہونے کی امید ہے۔

ہندوستان اور عمان کے درمیان فری ٹریڈ معاہدہ پر دستخط سے ہندوستان کو اہم شعبوں مثلاً کپڑا، چمڑا، جوتے، زیورات، انجینئرنگ مصنوعات، پلاسٹک، فرنیچر، زرعی مصنوعات، دوائیاں، میڈیکل ڈیوائس اور آٹوموبائل کی برآمدات کو فروغ ملے گا۔

اس سے روزگار پیدا ہوگا اور کاریگروں، خواتین کی قیادت والی صنعتوں کے ساتھ ساتھ ایم ایس ایم ای کو مضبوطی ملے گی۔گزشتہ 6 ماہ میں ہندوستان کا یہ دوسرا مفت تجارتی معاہدہ ہے۔ ہندوستان نے گزشتہ کچھ سالوں میں کئی مفت تجارتی معاہدے پر دستخط کیے ہیں جن سے ملک کے کسانوں، کاروباریوں اور ایکسپورٹرس کو فائدہ مل رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button