تلنگانہ کی خبریں

برقی ملازمین پر پولیس زیادتی پر نلگنڈہ میں دو گھنٹے برقی منقطع وزیر برقی کا ڈی جی پی کو فون

تلنگانہ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)برقی ملازمین پر پولیس حملہ کے خلاف بطور احتجاج ضلع نلگنڈہ میں برقی ملازمین نے دو گھنٹے برقی سربراہی منقطع کردی۔ وزیر برقی جگدیش ریڈی نے پولیس کے اس رویے کی مذمت کرتے ہوئے ڈی جی پی ایم مہیندر ریڈی سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ برقی ملازمین پر حملہ کرنے والے پولیس ملازمین کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

حکومت نے ریاست میں برقی ملازمین کو لاک ڈاؤن سے استثنیٰ دیا لیکن پولیس کی جانب سے ڈیوٹی انجام دینے والے برقی ملازمین کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ شناختی کارڈ کے باوجود برقی ملازمین کے خلاف توہین آمیز الفاظ کا استعمال کرنے کے ساتھ آج حملہ کیا جس پر ملازمین نے بطور احتجاج دو گھنٹوں تک برقی سربراہی روک دی۔

اطلاع ملتے ہی وزیر برقی جگدیش ریڈی نے اعلیٰ عہدیداروں سے تبادلہ خیال کرکے برقی سربراہی کو بحال کردیا اور شناختی کارڈ دکھانے کے باوجود پولیس کے رویہ کی مذمت کی ۔ اس مسئلہ پر ڈی جی پی مہیندر ریڈی سے رابطہ کرکے برقی ملازمین پر حملہ کرنے والے پولیس ملازمین کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ برقی ایمرجنسی سرویس میں شمار ہوتا ہے۔ اس میں رکاوٹیں پیدا نہ کرنے کا پولیس کو مشورہ دیا اور ساتھ ہی لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کرنے کی بھی پولیس کو ہدایت دی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button