
منشیات فروشوں کیخلاف پولیس کا کریک ڈاؤن مبینہ طور پر 100 سے زیادہ مقامات پر چھاپہ ماری، 43 ملزمان گرفتار
دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے قومی دارالحکومت میں 100 سے زیادہ مقامات پر چھاپے ماری کی
نئی دہلی، 20جون:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) دہلی پولیس نے منشیات فروشوں کیخلاف بڑی کارروائی کی ہے۔ دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے قومی دارالحکومت میں 100 سے زیادہ مقامات پر چھاپے ماری کی۔ یہ چھاپہ آپریشن کاوچ کے تحت مارا گیا۔ آپریشن کاوچ نوجوانوں اور بچوں کو منشیات کی لت سے بچانے پر مرکوز ہے۔ انگریزی اخبار ٹائمز آف انڈیاکے مطابق اس سے قبل 12-13 مئی کی درمیانی رات کو، انسداد منشیات ٹاسک فورس نے تقریباً 43 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا تھا، جو اسکول اور کالج کے طلباء کو منشیات اور غیر قانونی شراب فروخت کرنے میں ملوث تھے۔بتا دیں کہ کرائم برانچ اور دہلی پولیس کی مشترکہ ٹیم نے ملک اور بیرون ملک بیٹھے بین الاقوامی ڈرگ مافیا کی کمر توڑنے کے لیے آپریشن کاوچ شروع کیا ہے۔
اس کارروائی میں گزشتہ ماہ 31 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ 12 غیر قانونی شراب اسمگلرز کو بھی گرفتار کر کے 35 کلو ہیروئن، 15 کلو کوکین، 1500 گانجہ، 230 کلو افیون، 10 کلو چرس کے ساتھ 20 کلو دیگر منشیات بھی برآمد کی گئی ہیں۔ اس کی قیمت کا تخمینہ کروڑوں میں تھی۔دہلی پولیس نے سال 2023 میں این ڈی پی ایس ایکٹ (NDPS Act) کے تحت درج 412 مقدمات میں اب تک 534 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ دہلی پولیس کے اس ‘آپریشن کاوچ’ میں انڈر کور افسران کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ دہلی پولیس کی اس کارروائی میں سونگھنے والے کتے (Sniffer Dogs) بھی شامل تھے۔ دہلی پولیس کی کرائم برانچ کے مطابق، ایک طویل عرصے سے دہلی میں منشیات کے ریکیٹ/غیر قانونی شراب کے ان پٹ پر نظر رکھی جا رہی تھی اور اس پر کام کیا جا رہا تھا۔



