کیا ایسا سلوک کرنے کا ’اوپر ‘ سے حکم سے ملا تھا؟ سیسودیا کی گردن سے پکڑ مبینہ طور عدالت میں کیا گیا پیش ،کجریوال کا سوال
وزیر اعلی اروند کجریوال نے دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سیسودیا کے ساتھ عدالت میں پیشی کے دوران ہونے والے بدسلوکی پر سوال
نئی دہلی ،23مئی:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سیسودیا کے ساتھ عدالت میں پیشی کے دوران ہونے والے بدسلوکی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا اوپر سے ایسا کرنے کے لیے کہا گیا ہے، حالانکہ پولیس نے بدسلوکی کی بات کو پروپیگنڈا بتایاہے۔ اروند کجریوال نے ٹوئٹ کیا کہ کیا پولیس کو منیش سسودیا کے ساتھ اس طرح بدتمیزی کرنے کا حق ہے؟ کیا پولیس کو اوپر سے ایسا کرنے کو کہا گیا ہے؟وزیر صحت سوربھ بھاردواج نے کہا کہ کیا پولیس کو منیش سیسودیا کے ساتھ اس طرح بدسلوکی کرنے کا حق ہے؟ کیا وزیر اعظم نریندر مودی نے پولیس سے ایسا کرنے کو کہا ہے؟
دہلی پولیس کو اس افسر کو فوری طور پر معطل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم مودی مغرور ہو گئے ہیں۔ سال 2024 کے انتخابات میں مہابھارت کے لیے زمین تیار ہو رہی ہے اور بھگوان کرشن کے آشیرواد سے یہ انتخاب بی جے پی کے تکبر کا خاتمہ کرے گا۔دہلی کی وزیر تعلیم آتشی نے عدالت کے احاطے سے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہاکہ راؤز ایونیو کورٹ میں اس پولس اہلکار کے ذریعہ منیش سیسودیا کے ساتھ حیران کن بدسلوکی۔ دہلی پولیس کو انہیں فوری طور پر معطل کرنا چاہیے۔ راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ نے کہا کہ پولیس کی غنڈہ گردی عروج پر ہے۔
منیش سیسودیا کی گردن پکڑ کر کھینچتا ہوا یہ پولیس افسر اپنے ’آقا‘ کو خوش کرنے کے چکر میں بھول گیا کہ عدالت اس کی نوکری بھی لے سکتی ہے۔عدالت اس واقعہ کا نوٹس لے۔ مودی جی، پورا ملک آپ کی آمریت کو دیکھ رہا ہے۔تاہم دہلی پولیس نے منیش سیسودیا کے ساتھ کسی بھی طرح کے بد سلوکی کی تردید کی۔ پولیس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ روؤز ایونیو کی عدالت میں پیشی کے وقت منیش سیسودیا کے ساتھ پولیس کے ناروا سلوک کا معاملہ پروپیگنڈا ہے۔



