سیاست میں بھی مسلمانوں کو حاشیہ بردار بنانے کا سنسنی خیز انکشاف
عام انتخابات میں مسلم امیدواروں کو ٹکٹ دینے سے سیاسی پارٹیوں نے کیا گریز
نئی دہلی، 18اپریل:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)آبادی میں حصہ داری کے نعروں کے درمیان لوک سبھا انتخابات میں مسلمانوں کو دیئے گئے ٹکٹ نے ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ اور سیکولر پارٹیوں کے ہتھکنڈوں، کردار اور چہرے کو بے نقاب کر دیا ہے۔ پچھلے 20 سالوں میں پہلی بار مسلمانوں کو لوک سبھا انتخابات میں بڑی پارٹیوں اور ان کے اتحادوں نے سب سے کم ٹکٹ دیئے ہیں۔ اس بار بھارتیہ جنتا پارٹی نے صرف 2 مسلمانوں کو ٹکٹ دیا ہے۔ ان میں سے ایک ٹکٹ پارٹی کی طرف سے کیرالہ میں دیا گیا ہے، جہاں اس کے پاس مضبوط حمایتی بنیاد نہیں ہے۔کانگریس مسلمانوں کو ٹکٹ دینے میں بھی ناکام ثابت ہوئی ہے۔ پارٹی نے جھارکھنڈ اور گجرات سمیت 10 بڑی ریاستوں میں ایک بھی مسلم امیدوار کو کھڑا نہیں کیا ہے۔
کانگریس نے مغربی بنگال میں مسلمانوں کو سب سے زیادہ ٹکٹ دیے ہیں، لیکن یہاں بھی سہ رخی مقابلے کی وجہ سے مسلم امیدواروں کے لیے جیتنا آسان نہیں ہے۔ یعنی کورم پورا کرنے کے لیے پارٹی نے کمزور سیٹوں پر مسلمانوں کو کھڑا کیا ہے۔ سروے کے مطابق 2020 میں ہندوستان میں مسلمانوں کی آبادی تقریباً 15 فیصد ہے۔ اگر آبادی کے حساب سے حصہ دیکھا جائے تو لوک سبھا میں 82 کے قریب مسلم ممبران پارلیمنٹ ہونے چاہئیں۔ اس وقت 131 نشستیں 25 فیصد دلتوں اور قبائلیوں کے لیے مخصوص ہیں۔یہ ریزرویشن سیاسی انصاف کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
سیاسی انصاف کا تذکرہ آئین کے اصل دیباچے میں ہے۔ اگر ہم گزشتہ 4 انتخابات کے اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو یہ صرف 30 کے قریب ہے۔ 2004 میں 34 مسلم ایم پی جیتے تھے۔ 2009 میں یہ تعداد 30 تھی۔ 2014 میں 22 مسلمان اور 2019 میں 27 مسلمان جیت کر پارلیمنٹ پہنچے۔ تاہم اس بار ٹکٹوں کی تقسیم میں ہی کھیل دیکھنے میں آیا ہے۔ پہلی بار کانگریس اور بی جے پی نے مسلمانوں کو سب سے کم ٹکٹ دیئے ہیں۔ لوک سبھا انتخابات 2024 کے حوالے سے، بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی این ڈی اے اور کانگریس کی قیادت والی انڈیا الائنس نے تقریباً تمام سیٹوں پر امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ایسے میں آئیے جانتے ہیں کہ کس اتحاد نے مسلمانوں کو کتنے ٹکٹ دیے؟ حکمراں این ڈی اے میں 40 سے زیادہ جماعتیں شامل ہیں، لیکن اتحاد نے صرف 5 مسلمانوں کو ٹکٹ دیا ہے۔
جے ڈی یو، جو بہار میں این ڈی اے اتحاد کا حصہ ہے، نے ماسٹر مجاہد عالم کو کشن گنج سیٹ سے اپنا امیدوار بنایا ہے۔ وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی نے کیرالہ کی ملاپورم سیٹ سے ایم عبدالسلام کو ٹکٹ دیا ہے۔ بی جے پی نے مغربی بنگال میں سومترا خان کو بھی اپنا امیدوار بنایا ہے۔ این ڈی اے نے آسام کی دھوبری سیٹ پر بھی مسلم امیدوار کھڑے کیے ہیں۔ جبید اسلام کو آسام گنا پریشد کی جانب سے یہاں الیکشن لڑنے کے لیے امیدوار بنایا جا رہا ہے۔اجیت پوار کی پارٹی این سی پی نے لکشدیپ سیٹ سے یوسف ٹی پی کو میدان میں اتارا ہے۔ این ڈی اے اتحاد نے اتر پردیش، مدھیہ پردیش، راجستھان، جھارکھنڈ، گجرات، مغربی بنگال، اتراکھنڈ، ہریانہ، ہماچل، مہاراشٹر، چھتیس گڑھ، کرناٹک، تلنگانہ، تمل ناڈو، آندھرا پردیش جیسی بڑی ریاستوں میں ایک بھی مسلمان کو ٹکٹ نہیں دیا ہے۔
آبادی کی بات کریں تو آسام میں 34 فیصد، مغربی بنگال میں 27فیصد، اتر پردیش میں 19فیصد، بہار میں 17فیصد، جھارکھنڈ میں 15فیصد، دہلی میں 13فیصد اور مہاراشٹر میں 12 فیصد مسلمان رہتے ہیں۔ 2019 میں بی جے پی نے 6 مسلم امیدوار کھڑے کیے تھے لیکن اس بار پارٹی نے صرف 2 مسلمانوں کو ٹکٹ دیا ہے۔مسلمانوں کو انڈیا اتحاد سے این ڈی اے سے زیادہ ٹکٹ ملے ہیں، لیکن انہیں یہاں بھی عددی حصہ نہیں ملا ہے۔ انڈیا الائنس نے دہلی، جھارکھنڈ، گجرات، راجستھان، مدھیہ پردیش، تلنگانہ، مہاراشٹر جیسی بڑی ریاستوں میں ایک بھی مسلمان کو ٹکٹ نہیں دیا۔ انڈیا الائنس نے یوپی میں مسلمانوں کو 6، بہار میں 4، آسام میں 2 اور کرناٹک اور لکشدیپ میں ایک ایک ٹکٹ دیا ہے۔ انڈیا کی اتحادی جماعتیں کیرالہ، بنگال اور جموں و کشمیر میں دوستانہ لڑائی لڑ رہی ہیں۔
مثال کے طور پر کیرالہ میں کانگریس اور سی پی ایم انڈیا اتحاد سے الگ الگ الیکشن لڑ رہی ہیں۔اسی طرح بنگال میں ممتا بنرجی کی پارٹی ترنمول اور کانگریس-سی پی ایم الگ الگ الیکشن لڑ رہی ہیں۔ جموں و کشمیر میں ایک طرف پی ڈی پی ہے اور دوسری طرف کانگریس اور نیشنل کانفرنس کا اتحاد ہے۔ ترنمول کانگریس نے بنگال میں 6 مسلمانوں کو ٹکٹ دیا ہے۔ پارٹی نے مالدہ ساو?تھ میں شاہنواز علی، جنگی پور میں خلیل الرحمان، برہما پور میں یوسف پٹھان، مرشد آباد میں ابو طاہر خان، بشیرہاٹ میں نور الاسلام، اولوبیریا میں ساجدہ احمد کو میدان میں اتارا ہے۔ کانگریس اور سی پی ایم اتحاد نے یہاں سے 11 مسلمانوں کو امیدوار بنایا ہے۔
اتحاد کی جانب سے رائے گنج، مالدہ نارتھ، مالدہ ساو?تھ، جنگی پور، مرشد آباد جیسی ہائی پروفائل سیٹوں پر مسلم کمیونٹی کے لیڈروں کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ 2019 میں، ترنمول نے مغربی بنگال میں 22، بی جے پی نے 18 اور کانگریس نے 2 سیٹیں جیتیں۔ کیرالہ میں کانگریس اتحاد نے 3 مسلمانوں کو ٹکٹ دیا ہے۔ ان میں سے 2 ٹکٹ انڈین یونین مسلم لیگ اور ایک ٹکٹ کانگریس پارٹی نے دیا ہے۔
سی پی ایم اتحاد نے بھی کیرالہ میں مسلمانوں کو 3 ٹکٹ دیے ہیں۔ 2019 میں کانگریس اتحاد نے 18 اور سی پی ایم اتحاد نے 2 سیٹیں جیتیں۔جموں و کشمیر کی 5 سیٹوں میں سے کانگریس اتحاد نے 3 سیٹوں پر مسلم امیدوار کھڑے کیے ہیں۔ این سی نے اننت ناگ، سری نگر اور بارہمولہ سیٹوں پر مسلمانوں کو ٹکٹ دیا ہے۔ پی ڈی پی نے بھی 3 سیٹوں پر مسلم امیدوار دیے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ انڈیا اتحاد نے صرف ان جگہوں پر مسلمانوں کو ٹکٹ دیا ہے جہاں مسلمانوں کی آبادی 30 فیصد سے زیادہ ہے۔



