شاہین باغ میں انسداد تجاوزات مہم کے خلاف سیاسی جماعت کی درخواست پر غور نہیں کیا جا سکتا: سپریم کورٹ
نئی دہلی، 9 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) سپریم کورٹ نے پیر کو کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا-مارکسسٹ (سی پی آئی-ایم) کی جانب سے شاہین باغ میں انسداد تجاوزات مہم کے خلاف دائر درخواست پر غور کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ وہ اس معاملے میں کسی سیاسی جماعت کے کہنے پر مداخلت نہیں کر سکتے۔جسٹس ایل ناگیشور راؤ اور جسٹس بی آر گوئی نے پارٹی سے اس معاملے میں دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کو کہا۔بنچ نے کہاکہ سی پی آئی (ایم) عرضی کیوں داخل کر رہی ہے؟
کس بنیادی حق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے؟ سیاسی جماعتوں کے کہنے پر نہیں، یہ کوئی فورم نہیں ہے۔ تم ہائی کورٹ جاؤ۔سپریم کورٹ نے کہا کہ اگر ہاکرز تجاوزات کر رہے ہیں تو انہیں ہٹا یا جائے گا اور اگر حکام نے کسی قانون کی خلاف ورزی کی ہے تو درخواست گزار ہائی کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ حقائق کو غلط طریقے سے پیش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا عمل ہے جو ایک طویل عرصے سے جاری ہے، نوٹس دینے کے بعد ایک معمول کی کاروائی ہے۔



