تلنگانہ کی خبریںجرائم و حادثاتسرورق

انسٹاگرام کی پریم کہانی کا عبرتناک انجام، شک کی بنیاد پر حاملہ بیوی کا سفاکانہ قتل

اس جوڑے کے یہاں 2023 میں پہلے بچے نے جنم لیا

حیدرآباد،22جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) حیدرآباد میں ایک سفاکانہ قتل کا معاملہ سامنے آیا ہے جس میں ایک شوہر محض شک کی بنیاد پر بے رحم قاتل بن گیا۔ اس نے اپنی حاملہ بیوی اور اس کے پیٹ میں پل رہے بچے کی جان لے لی۔ یہ لرزہ خیز واقعہ 16 جنوری کو کشائی گوڈا تھانہ علاقے میں پیش آیا۔ملزم کا نام سچن ستیہ نارائن (21) ہے جو کاچے گوڑا کا رہنے والا ہے۔ سچن ستیہ نارائن نے انسٹاگرام پر ملاقات کے بعد کپرا کی رہائشی اسنیہا (21) سے 2022 میں شادی کی تھی۔ سچن شروع میں فوڈ ڈیلیوری ایجنٹ کے طور پر کام کرتا تھا۔

اس جوڑے کے یہاں 2023 میں پہلے بچے نے جنم لیا۔ تاہم سچن کے ملازمت چھوڑنے اور مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے بعد ان کا رشتہ ایک برے موڑ پر پہنچ گیا۔اسنیہا نے کچھ وقت پہلے کشائی گوڑا پولیس میں شکایت درج کرائی کہ مالی بحران سے گزر رہا سچن اپنے بچے کو ایک لاکھ روپے میں بیچنے کی کوشش کر رہا ہے۔

پھر پولیس کی مداخلت سے بچے کو بچا لیا گیا۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ یہ بچہ بعد میں بیماری کی وجہ سے فوت کر گیا۔یہ جوڑا کئی تنازعات کے بعد کچھ مہینوں تک الگ رہا، لیکن دسمبر 2024 میں یہ دونوں دوبارہ مل گئے اور کپرا میں ایک مکان کرائے پر لے کر رہنے لگے۔ اس دوران جب اسنیہا سچن کے ساتھ واپس آئی تو وہ سات ماہ کی حاملہ تھی۔ صلح کے باوجود ان دونوں کے تعلقات مزید بگڑ گئے۔

اسنیہا کے حمل کے بارے میں بے بنیاد شکوک و شبہات سے دوچار سچن نے اسے قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔ 15 جنوری کو اس نے اسے شراب پلائی۔ اگلی صبح وہ اس کے پیٹ پر بیٹھ گیا اور تکیے سے اس کا گلا گھونٹ دیا۔ سچن کے وحشیانہ تشدد کی وجہ سے جنین وقت سے پہلے نکل آیا جس کی وجہ سے اس کی بھی موت ہو گئی۔اپنے جرم کو چھپانے کے لیے سچن نے اس واقعے کو ایک حادثہ دکھانے کی کوشش کی۔

اس نے گیس لیک ہونے کا بھرم پیدا کرنے کے لیے کچن میں گیس سلنڈر کا پائپ کاٹ دیا لیکن گیس ختم ہونے پر وہ موقعے سے بھاگ گیا۔پڑوسیوں نے 18 جنوری کو پولیس کو جوڑے کے کمرے سے آنے والی بدبو کی اطلاع دی۔ پولیس نے ا سنیہا کی لاش برآمد کرکے تفتیش شروع کردی۔ سچن کو اس کی موبائل لوکیشن کی بنیاد پر کاچے گوڑا سے پکڑا گیا۔ پوچھ گچھ کے دوران اس نے جرم کا اعتراف کرلیا۔ کشائی گوڑا انسپکٹر جی انجیا اور سب انسپکٹر این وینکنا نے سچن کی گرفتاری کی تصدیق کی۔ ملزم کو عدالت میں پیشی کے بعد فی الوقت عدالتی حراست میں جیل بھیج دیا گیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button