
مودی دوسرے مرحلے میں لگوائیں گے کورونا ویکسین ،ریاستوں کے وزر ائے اعلی کو بھی لگے گاٹیکہ
نئی دہلی،21جنوری(اردودنیا.ان)کورونا ویکسی نیشن مہم (کورونا ویکسی نیشن ڈرائیو) کے دوسرے مرحلے میں مودی کورونا ویکسین لگوائیں گے۔ اسی مرحلے میں ریاستوں کے وزرائے اعلی کو بھی کوروناکاٹیکہ لگایاجائے گا۔ بتایا جارہا ہے کہ ویکسین میں لوگوں کا اعتماد پیدا کرنے کیلئے پی ایم مودی اور وزرائے اعلیٰ سمیت تمام لیڈران بھی یہ ویکسین لگائیں گے۔دراصل کورونا ویکسینیشن مہم کے دوسرے مرحلے میں ان تمام لوگوں پر ویکسین لگانے کے منصوبے ہیں جن کی عمر 50 سال سے اوپر ہے۔
ایسی صورتحال میںتمام وزرائے اعلیٰ، وزراء، ممبران پارلیمنٹ اور ایم ایل اے جن کی عمر 50 سال سے زیادہ ہے، ان کو دوسرے مرحلے کے دوران کورونا ٹیکہ لگایاجائے گا، تاہم فی الحال کوئی خبر نہیں ہے کہ کورونا ویکسینیشن کا دوسرا مرحلہ کب شروع ہوگا۔
کورونا ویکسینیشن مہم کے دوسرے مرحلے میں زیادہ تر سیاستداں کورونا ویکسین لگائیں گے۔ اس لئے کہ دوسرے مرحلے میں طے شدہ عمر گروپ ملک کے 75 فیصد اراکین پارلیمنٹ، ہندوستانی حکومت کے 95 فیصد سے زیادہ کابینہ وزراء، 76 فیصد سے زیادہ ریاستوں کے وزرائے اعلی اور تقریبا 82 فیصد وزراء مملکت کا احاطہ کرسکتی ہے۔



