رانچی؍بوکارو ،14ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)جھارکھنڈ کے بوکارو سے ایک شرمناک معاملہ سامنے آیا ہے۔ طلباء اور اساتذہ کے درمیان ایک مقدس رشتہ ہے لیکن اس مقدس رشتے کو بوکارو کے ایک پروفیسر نے داغدار کر دیا۔رپورٹ کے مطابق بوکارو کے رن وجے میموریل کالج کی ایک طالبہ نے سائیکالوجی کے پروفیسر ادے سنگھ پر فحش حرکات، چھیڑ چھاڑ اور موبائل پر فحش ویڈیوز بھیج کر ذہنی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا ہے۔ بوکارو پولیس نے ملزم پروفیسر کو گرفتار کر لیا ہے۔متاثرہ طالبہ گریجویٹ کی لاسٹ ایئر کی طالبہ ہے ۔ طالبہ نے تھانے میں تحریری شکایت دی ہے۔ طالبہ نے پولیس کو بتایا کہ پروفیسر ادے سنگھ نے 11 ستمبر کو شام 7:30 بجے فحش ویڈیو بھیج کر اسے ذہنی طور پر ہراساں کیا اور اس سے پہلے بھی پروفیسر کالج جاتے ہوئے فحش باتیں کیا کرتا تھا۔
کئی بار پروفیسر نے چھیڑ خانی بھی کی۔ طالبہ خوفزدہ تھی اور خوف کی وجہ سے اس نے یہ بات اپنے گھر والوں کو نہیں بتائی۔ اسے ڈر تھا کہ کہیں پروفیسر اسے امتحان میں ناکام نہ کر دے۔متاثرہ طالبہ کی شکایت کے بعد کئی دیگر طالبات بھی تھانے پہنچ گئیں۔ طالبات نے بتایا کہ جب وہ پروفیسر سے اس کی پڑھائی کے بارے میں پوچھنے جاتی تھیں تو وہ اسے اپنا کوارٹر نمبر دے کر اکیلے آنے کا بتاتے تھے۔
کالج کے پرنسپل پروفیسر بی کمار نے اس واقعہ کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ استاد اور طالب علم کے درمیان اعتماد اور بھروسے کا رشتہ ہوتا ہے۔ اس واقعے سے استاد اور طالب علم کا رشتہ خراب ہو گیا ہے۔پولیس اسٹیشن انچارج سیکٹر 12 پربھاکر منڈا نے بتایا کہ طالبہ کی جانب سے پروفیسر کیخلاف پولیس اسٹیشن میں تحریری شکایت دی گئی ہے۔ ملزم پروفیسر کو گرفتار کرکے معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے۔



