تلنگانہ کی خبریں

پروفیسر کودنڈا رام اور نیوز ایڈیٹر سیاست عامر علی خاں رکن قانون ساز کونسل نامزد

حیدرآباد۔25جنوری۔(محمد مبشرالدین خرم)گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سائی سوندراراجن نے جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست اور پروفیسر کودنڈا رام کو رکن قانون ساز کونسل نامزد کرنے حکومت کی سفارش کو منظوری دے دی ہے۔ حکومت تلنگانہ نے گورنر کوٹہ کے تحت 2 ارکان قانون ساز کونسل کی مخلوعہ نشستوں پر نامزدگی کیلئے جناب عامر علی خاں اور پروفیسر کودانڈا رام کے ناموں کی سفارش کی تھی جسے گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے آج منظوری دیدی ۔کانگریس ہائی کمان نے ادارہ سیاست کی سماجی ‘ معاشی ‘ فلاحی و تعلیمی سرگرمیوں کے اعتراف کے طور پر جناب عامر علی خاں کی بحیثیت رکن قانون ساز کونسل نامزدگی کی سفارش کی تھی جس کو گورنر نے آج منظور کرلیا ۔

جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست نے گذشتہ 10برسوں کے دوران بی آر ایس حکومت کے معلنہ 12 فیصد تحفظات کی عدم فراہمی کے خلاف ریاست کے تمام اضلاع میں15 ہزار کیلو میٹر کا سفر کرکے پنچایت سے سیکریٹریٹ تک نمائندگیاں کی گئی تھیں۔ انہوں نے 12فیصد مسلم تحفظات کے مسئلہ کو عوامی تحریک بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا جس پرایوان اسمبلی میں بھی کئی مرتبہ بحث ہوئی ۔ گورنر تلنگانہ کی جانب سے گورنر کوٹہ کے تحت مخلوعہ نشستوں پر نامزدگی کے سلسلہ میں ناموں کو قطعیت دیئے جانے کی اطلاع کے ساتھ ہی ملک و بیرون ملک سے مبارکبادیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

جناب عامر علی خان پیشہ کے اعتبار سے صحافی ہیں او وہ ادارہ سیاست سے چلائے جانے والی کئی اسکیمات کے نگران اور روح رواں ہیں۔ جناب عامر علی خان اپنے صحافتی کیرئیر میں قومی و عالمی قائدین کے ہمراہ صحافتی سفر کرچکے ہیں اور انہیں 30 سالہ صحافتی تجربہ ہے اور انہوں نے کئی چیف منسٹرس ‘ وزرائے اعظم اور مرکزی و ریاستی وزراء سے ملاقاتیں کرکے کئی بار مسلمانوں کے مسائل پر موثر اور جامع نمائندگی کی ہے ۔ انہوں نے جرنلزم کے علاوہ بزنس اڈمنسٹریشن کی تعلیم حاصل کی ہے اور وہ بانیٔ سیاست جناب عابد علی خان‘ جناب محبوب حسین جگر کے علاوہ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست و جناب ظہیر الدین علی خان کی نگرانی میں تربیت حاصل کرکے اپنے آبائی پیشہ صحافت سے وابستہ رہتے ہوئے خدمت خلق اور مسلمانوں کی معاشی ‘ تعلیمی ترقی اور فلاح و بہبود کے متعلق خدمات انجام دینے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ۔ جناب عامر علی خان نے ادارہ سیاست کے تحت سیاست ٹیلی ویژن کا آغاز کرتے ہوئے دور حاضر میں صحافتی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کا بیڑہ اٹھایا اور وہ فسطائی طاقتوںکے علاوہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرنے والوں کے خلاف نظریہ رکھتے ہیں۔

گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندراراجن کی جانب سے جناب عامر علی خان کے ساتھ پروفیسر کودنڈا رام کے نام کو منظوری دی گئی ہے۔ پروفیسر کودنڈا رام نے تحریک تلنگانہ کے دوران تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی تشکیل کے ذریعہ علحدہ ریاست کیلئے جدوجہد کرنے والے تمام سیاسی قائدین ‘ جماعتوں اور طلبہ تنظیموں کے علاوہ سماجی تنظیموں کو متحد کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا اور حصول تلنگانہ کی جدوجہد کو نئی تحریک عطا کی تھی۔ پروفیسر کودنڈا رام جامعہ عثمانیہ میں بہ حیثیت پروفیسر طویل عرصہ تک خدمات انجام دے چکے ہیں اور انہوں نے اپنی خدمات کے دوران بھی تحریک تلنگانہ کو فروغ دینے میں ہم کردار ادا کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button