سرورقصحت اور سائنس کی دنیا

چنبل، سورائیس (Psoriasis) کا علاج-ڈاکٹر حکیم محمد فاروق اعظم حبان قاسمی، رحیمی شفاخانہ بنگلور

لطیف و زود ہضم غذاؤں میں پروٹینز اور وٹامنز خصوصاً وٹامن بی کی مقدار کافی ہو، استعمال کریں

تعریف مرض: اس مرض میں جلد پر سرخ داغ پیدا ہوجاتے ہیں، جلد پر سے مچھلی کے بیرونی حصہ کی طرح چھلکے اتر تے ہیں۔ خارش سے چھلکے اتر کر خون خارج ہوتا ہے یا باریک باریک بھوسی کھجلی کے ذریعے جھڑتی رہتی ہے۔

وجوہات: یہ مرض اکثر ان مقامات پر ہوتا ہے جو کپڑے سے ڈھکے رہتے ہیں، مثلاً سر، کہنیاں، گھٹنے، ٹخنے اور کبھی سارے جسم پر پھیل جاتا ہے، سوداوی مواد کا غلبہ شراب خوری، ہاضمہ کی خرابی، میلا کچیلا رہنا، زہریلے زخم یا جوڑوں کے درد سے بھی یہ عارضہ ہوجاتا ہے۔

علامات: اس مرض میں جلد سخت ہوجاتی ہے اور اس پر پتریاں پیدا ہوجاتی ہیں، سفید چھلکے اترتے ہیں جب مرض بڑھ رہا ہو تو کبھی کبھار خارش ہوتی ہے۔گرمی کے موسم کی نسبت سردی میں اور میدانوں کی نسبت پہاڑوں میں یہ مرض زیادہ پایا جاتا ہے۔
علاج: مصفیٰ خون ادویہ دیں، اور اطریفل شاہترہ ، معجون چوب چینی، عرق عشبہ کا استعمال مفید ہے۔

بیرونی طور پر درخت شیشم سیاہ 100 گرام چھلکا ناریل 100 گرام، گندم 250 گرام، نوشادر 100 گرام، جملہ ادویہ کا برطریق پتال جنتر تیل نکالیں، روئی کے پھایہ سے مقامِ ماؤف پر لگایا کریں، خشک ہونے پر دھوپ میں بیٹھیں، چنبل، داد کو دور کرنے کے لئے مفید ہے۔
روغن چنبل و داد: کار بالک ایسڈ چھ ماشہ کافور 10 گرام، تیل تارپین 25 گرام، کار بالک ایسڈ اور کافور کو ملاکر دھوپ میں رکھیں، جب حل ہوجائے تو تیل تارپین ملاکر ہلالیں، دن میں دو بار مقام چنبل یا داد پر لگائیں۔

عرق مصفی خون: عناب 50 گرام، شاہترہ 50 گرام، سر پھوکہ 50 گرام، برادہ شیشم 50 گرام، منڈی 50 گرام، برگ مہندی 50 گرام، بسفائج 50 گرام، ہلیلہ سیاہ 50 گرام، چرائتہ 20 گرام، صندل سفید 20 گرام، صندل سرخ 20 گرام، الائچی کلاں 20 گرام، گاؤ زبان 20 گرام، پرسیاؤ شاں 20 گرام، عشبہ مغربی 100 گرام، کاسنی 100 گرام، 15 کلو پانی میں رات کو تر کریں صبح 7 کلو عرق نکالیں۔خوراک 30 گرام ہمراہ شربت عناب 20 گرام استعمال کریں۔

روغن چنبل: نر کچور ایک گرام، نوشادر ایک گرام، کمیلہ 5 گرام، مہندی 2 گرام، کالا زیرہ 10 گرام، سفوف بنا کر کڑ وے تیل یعنی سرسوں کے تیل میں ملا کر مقام ماؤف پر لگائیں۔

دیگر: اجوائن دیسی 100 گرام کو آک کے دودھ 200 گرام میں خوب کھرل کرکے ٹکیاں بنائیں اور تلوں کے تیل 500 گرام میں جلالیں، پھر چھان کر یہ روغن لگائیں۔

دیگر: آملہ سار گندھک، نوشادر، سہاگہ خام، لیموں کے رس میں گھس کر لیپ کریں۔

دیگر: سرسوں کے تیل ایک سیرکلو میں تھوڑا سا ڈنڈا تھوہر ڈال کر تیل کو دیگ پر رکھیں، جب ڈنڈا جل کر کوئلہ ہوجائے تو لوہے کے دستہ سے تیل کے اندر رگڑیں اور حل کریں، پھر وہ تیل شیشی میں رکھیں، صبح و شام لگائیں، چند روز میں چنبل دور ہوجائے گا اور دوبارہ نہ ہوگا۔

پت پاپڑہ پاند تولہ، ہرن کھری 50 گرام، کالی مرچ پانچ دانے، ٹھنڈائی بناکر شہد 50 گرام ملاکر استعمال کرائیں، اس ٹھنڈائی سے اندرونی طور پر فائدہ ہوگا، زبر دست مصفی خون ہے، ہر ہفتہ استعمال کے بعد بند رکھ کر پھر استعمال کرنی چاہئے۔

30گرام سرسوں کے تیل کو خوب گرم کریں، اور چھ سرخ مرچ بمعہ ڈنڈی سالم ڈال دیں، جل جانے پر اتار کر لوہے کے دستہ سے رگڑ کر مرہم بنائیں نیم کے جوشاندہ سے چنبل کے زخموں کو صاف کر کے یہ مرہم ہلکی مقدار میں لگائیں بعض مریضوں کو حیرت انگیز طور پر فائدہ دیتا ہے۔

کتھ گلابی، ہلیلہ سیاہ، برابر وزن، دونوں کو باریک پیس کر کپڑ چھان کر کے ویزلین حسب ضرورت میں ملا کر مرہم تیار کریں، اور چنبل والی جگہ پر لگائیں۔

= رائی، نمک سیندھا، گڑ کو پیس کر لیپ بنا کر لگانے سے چرم بیماری کوڑھ دور ہوجاتا ہے۔

= نمک سیندھا، گری مغز بادام برابر لے کر تانبا کے برتن میں پانی سے پیس کر چنبل پر لیپ کرنے سے آرام ہوجاتا ہے۔

= تلسی کے ہرے پتوں کو پندرہ دن لگاتار چنبل پر ملنا آرام دیتا ہے۔= جل دھنیا کو پیس کر چنبل پر لیپ کریں، چھالے ہوکر آرام آجائے گا۔=دھمانسہ بوٹی 200 گرام، ریوند چینی 100 گرام، کالی مرچ 20گرام، سفوف بنائیں، خوراک 2 گرام ہمراہ تازہ پانی دیں، چنبل اور داد کے لئے مفید ہے۔

سورائسس کے کچھ خاص فارمولے قارئین کرام کی خدمت میں ہدیہ کر رہا ہوں رحیمی شفاخانہ بنگلور میں سورائسس کے مریض ہندوستان بھر سے آتے ہیں بفضلہ تعالیٰ شفایاب ہوتے ہیں۔

عرق بانسہ: برگ بانسہ ایک سیر کو پانی میں ۲۴ گھنٹہ تک بھگوئے رکھیں، دوسرے دن حسب معمول بھبکا لگا کا عرق کشید کرلیں اور بوتلوں میں محفوظ رکھیں، اس عرق کے استعمال سے خرابی خون، کوڑھ، سل و دق اور سورائسس کو فائدہ ہوتا ہے۔

سفوف دھماسہ : دھماسہ کا پورا پودا (شاخ کانٹے وغیرہ جب کہ وہ سبز ہوں) سایہ میں خشک کرکے باریک پیس لیں، جب بچہ پیدا ہو، تو اس کو غسل دینے والے پانی میں یہ سفوف 20 گرام ڈال کر جوش دیں، اس سے بچہ کو غسل کرائیں، اور شہد کے ہمراہ گولیاں بقدر نخود بناکر بچہ کی ماں کو ایک گولی روزانہ کھلائیں۔

دیگر: خون صاف کرنے کے لئے از حد مفید ہے، دھماسہ 200 گرام، ریوند چینی 100 گرام، مرچ سیاہ 20 گرام، سفوف بنائیں 2 گرام ہمراہ پانی دیں، پھوڑے، پھنسی، خارش، داد، چنبل کیلئے مفید ہے۔

پھوڑے: دھماسہ کو پیس کر پھوڑے پر باندھنے سے پھوڑوں کو آرام ہوجاتا ہے۔

عرق مصفی خون: عناب پانچ دانہ، شاہترہ 50 گرام، سر پھوکہ 50 گرام، برادہ لکڑی شیشم 50 گرام، منڈی 50 گرام، مہندی کے پتے 50 گرام، بسفائج 50 گرام، ہلیلہ سیاہ 50 گرام، چرایتہ 20 گرام، گاؤ زبان 20 گرام، عشبہ مغربی 100 گرام، پرسیاؤ شاں 20 گرام، کاسنی 100 گرام، مکو خشک 100 گرام، سولہ سیر پانی میں رات کو تہ کریں، صبح آٹھ سیر عرق نکال لیں خوراک 20 گرام ہمراہ شربت عناب 20 گرام استعمال کریں بغیر شربت بھی پیا جاسکتا ہے۔

شربت منڈی مرکب: منڈی، سرپھوکہ، ہلیلہ سیاہ، شاہترہ، چرایتہ ہر ایک 70 گرام، عناب 60 گرام، سب ادویہ کو گرم پانی میں بھگوئیں اور اچھی طرح جوش دے کر تین چار کلو چینی کا اضافہ کرلیں اور شربت بنائیں، خوراک 50 گرام شربت، 120 گرام عرق شاہترہ کے ہمراہ روزانہ صبح وشام دو ہفتہ تک پلائیں، اس کے بعد جلاب دیں، سودا کا منفج ہے اور خون صاف کرتا ہے۔

فساد خون: پھل ناگ کیسر 10 گرام، کا شیرہ نکال کر 20 گرام شہد ملا کر پینا فساد خون میں مفید ہے۔

دیگر: سبز پتے نیم ایک پاؤ لے کر پیس لیں، پھر اسے پانی کی بالٹی میں ڈال کر متھانی سے دہی کی لسی کی طرح خوب متھیں، جب متھنے سے خوب جھاگ پیدا ہو تو یہ جھاگ بدن پر ملنے سے چمڑہ کی جلن، خواہ یہ خرابی خون کی وجہ سے ہو یا تیز دھوپ اور لو لگنے سے ، دور ہوجاتی ہے، جلد میں ٹھنڈک پڑجاتی ہے گاہے اس میں بقدر ضرورت کافور کا بھی اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ جس سے اثر دو بالا ہوجاتا ہے۔

غذا و پرہیز: لطیف و زود ہضم غذاؤں میں پروٹینز اور وٹامنز خصوصاً وٹامن بی کی مقدار کافی ہو، استعمال کریں، شراب، چائے، کافی، تمباکو سے پرہیز کرائیں، قبض نہ ہونے دیں گوشت، نمک، انڈے، دودھ وغیرہ استعمال کرائیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button