قومی خبریں

کانگریس صدر کے عہدہ کیلئے عام لوگوں کی رائے راہل گاندھی کے حق میں

نئی دہلی ،24ستمبر(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کانگریس صدر کے عہدے کے لیے نامزدگی شروع ہو گئی ہے۔ اس دوران یہ سوال سب سے زیادہ پوچھا جا رہا ہے کہ کانگریس کا اگلا صدر کون ہوگا؟ کانگریس صدر کے عہدے کی دوڑ میں کئی نام چل رہے ہیں۔ حکومت کے مقرب ٹی وی چینل پر اپنے طور پر آن لائن سروے کیا ہے۔ اس سروے میں 4361 لوگوں سے بات کی گئی ہے۔ سروے کے نتائج مکمل طور پر لوگوں کے ساتھ کی گئی بات چیت اور ان کے اظہار خیال پر مبنی ہیں۔

سروے میں پوچھا گیا کہ کون کانگریس صدر بننا چاہئے؟

اس سوال کے جواب میں ایک حیران کن بات سامنے آئی، سروے میں 46 فیصد لوگوں نے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کا نام لیا۔ 13 فیصد لوگوں نے راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کا انتخاب کیا۔ وہیں 11 فیصد لوگوں نے کانگریس کے سینئر لیڈر اور ایم پی ششی تھرور کے حق میں ووٹ دیا۔ 30 فیصد لوگوں نے کہا کہ ان تینوں میں سے کوئی نہیں۔

غور طلب ہے کہ کانگریس صدر کے انتخاب کا نوٹیفکیشن گزشتہ 22 ستمبر کو جاری کیا گیا تھا۔ نامزدگی کا عمل بھی آج سے شروع ہو گیا ہے۔ ایک سے زائد امیدواروں کی صورت میں پولنگ 17 اکتوبر کو ہوگی اور نتائج کا اعلان 19 اکتوبر کو کیا جائے گا۔کانگریس کی طرف سے کہا گیا ہے کہ راہل گاندھی الیکشن نہیں لڑیں گے۔ اس وقت صدر کے عہدے کی دوڑ میں اشوک گہلوت اور ششی تھرور کے نام سب سے آگے ہیں۔ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے۔ ایسے میں اس دوڑ میں مزید ناموں کے شامل ہونے کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button