پونے میں انسانیت کی مثال: خاتون ڈاکٹر نے سڑک پر ڈلیوری کرا دی، ساڑیوں سے بنایا عارضی آپریشن تھیٹر
جب انسانیت زندہ ہو تو مشکل حالات بھی آسان ہو جاتے ہیں
پونے 29 اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)مہاراشٹر کے شہر پونے کے علاقے شرور میں ایک حیران کن اور انسانیت سے بھرپور واقعہ پیش آیا، جہاں ایک خاتون ڈاکٹر نے سڑک پر ہی ایک حاملہ خاتون کی کامیاب ڈلیوری کرا دی۔
اطلاعات کے مطابق 23 سالہ سپریا کالے کو اچانک شدید دردِ زہ شروع ہوا۔ وہ سرکاری اسپتال پہنچی، تاہم وہاں سے اسے کسی بڑے شہر جانے کا مشورہ دے کر واپس بھیج دیا گیا۔ راستے میں ہی اس کی حالت بگڑ گئی اور وہ سڑک پر گر پڑی۔
واقعہ دیکھ کر مقامی افراد فوری حرکت میں آئے اور قریبی کلینک سے ڈاکٹر سنیتا پوٹے کو طلب کیا۔ ڈاکٹر اپنی ٹیم کے ساتھ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔
اس دوران سب سے بڑا چیلنج پرہجوم علاقے میں خاتون کی پرائیویسی کو برقرار رکھنا تھا۔ مقامی خواتین نے مثالی کردار ادا کرتے ہوئے اپنی ساڑھیاں، دوپٹے اور چادریں استعمال کر کے ایک عارضی پردہ قائم کیا، جس سے ایک طرح کا “آپریشن تھیٹر” تیار ہو گیا۔
ڈاکٹر سنیتا پوٹے نے اسی عارضی انتظام میں پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی کے ساتھ ڈلیوری کرائی، جس کے نتیجے میں ایک صحت مند بچے کی پیدائش ہوئی۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جہاں لوگ ڈاکٹر اور مقامی افراد کی تعریف کر رہے ہیں۔ ایسے وقت میں جب اکثر لوگ صرف ویڈیوز بنانے میں مصروف رہتے ہیں، پونے کے ان لوگوں نے عملی مدد کر کے انسانیت کی زندہ مثال پیش کی ہے۔



