چنڈی گڑھ ، 24مئی پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے منگل کے روز اپنے وزیر صحت وجے سنگلا کو بدعنوانی کے الزامات پر کابینہ سے برخاست کر دیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر صحت بدعنوانی میں ملوث ہیں اور ان کے پاس اس کے ثبوت موجود ہیں۔ بعد ازاں، وجے سنگلا کو اے سی بی (اینٹی کرپشن بیورو) نے گرفتار کر لیا۔خیال رہے کہ وجے سنگلا منسا اسمبلی سیٹ سے رکن ہیں اور بھگونت مان نے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے احکامات جاری کئے۔ وزیر کے خلاف الزام ہیں کہ وہ ہر سرکاری ٹنڈر سے ایک فیصد کمیشن کا مطالبہ کرتے تھے۔ مان کا کہنا ہے کہ ریاست میں بدعنوانی کے تئیں ’زیرو ٹالرنس پالیسی‘ برقرار رہے گی۔ وزیر اعلیٰ مان نے کہا کہ میں وزیر صحت وجے سنگلا کے خلاف سخت کارروائی کر رہا ہوں۔ انہیں اپنی کابینہ سے برخاست کر رہا ہوں۔
سنگلا نے غلطی کا اعتراف کیا ہے۔وہیں، عام آدمی پارٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال کے اینٹی کرپشن ماڈل کے مطابق بڑا فیصلہ لیا گیا ہے۔ عآپ ایم پی راگھو چڈھا نے کہا کہ ان کی پارٹی واحد پارٹی ہے جس کے پاس بدعنوانی کی بنیاد پر اپنے لوگوں کے خلاف کارروائی کرنے کی ایمانداری اور جرأت ہے۔
ہم نے دہلی میں دیکھا، اب پنجاب میں دیکھ رہے ہیں۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ پنجاب اسمبلی انتخابات میں عآپ کو زبردست کامیابی حاصل ہوئی۔ جس کے بعد بھگونت مان کو ریاست کا وزیر اعلیٰ منتخب کیا گیا۔ عام آدمی پارٹی اور بھگونت مان نے انتخابی مہم کے دوران ریاست سے بدعنوانی کو مکمل طور پر ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا اور اب کرپشن کے ملزم سابق وزیر کو گرفتار بھی کرا دیا ہے۔
وجے سنگلا پنجاب کابینہ سے برطرف کیے جانے کے فوراً بعد گرفتار
وزیراعلیٰ پنجاب بھگونت مان کی طرف سے منگل کو بدعنوانی کے الزام میں پنجاب کابینہ سے برطرف کرنے کے فوراً بعد وجے سنگلا کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ ایک سرکاری ذریعہ نے اس گرفتاری کی اطلاع دی۔ سنگلا ریاست کے وزیر صحت تھے۔ وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے کہا کہ سنگلا مبینہ طور پر اپنے محکمے کے ٹینڈرز اور خریداریوں میں ایک فیصد کمیشن کا مطالبہ کر رہے تھے۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کو پنجاب میں حکومت بنائے ہوئے بمشکل دو ماہ ہوئے ہیں۔سنگلا (52) مانسا اسمبلی سیٹ سے ایم ایل اے ہیں۔ ؎
انہوں نے پنجابی گلوکار اور کانگریس کے امیدوار شوبھ دیپ سنگھ سدھو کو اسمبلی انتخابات میں شکست دی تھی۔ وہ دانتوں کے ڈاکٹر بھی ہیں ۔ اس سے پہلے ایک ویڈیو پیغام میں وزیر اعلی نے کہا کہ میں وزیر کے خلاف سخت کارروائی کرنے جا رہا ہوں ، میں اُنہیں اپنے کابینہ سے برخاست کررہا ہوں ۔بھگونت مان سنگھ نے دعویٰ کیا کہ سنگلا نے بدعنوانی کا اعتراف کیا ہے، اور میرے پاس ان کے خلاف شواہد و ثبوت بھی ہیں۔



