چنڈی گڑھ، 18 اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) پنجاب کے وزیراعلی بھگونت مان نے پیر کے روز سابقہ حکومتوں پر ریاست کو قرضوں میں دھکیلنے کا الزام لگایا اور کہا کہ عام آدمی پارٹی کی حکومت تحقیقات کرے گی کہ پیسہ کہاں استعمال ہوا اور اسے بازیافت کیا جائے گا۔
پارٹی کی ریاستی اکائی کی طرف سے پنجابی میں ایک ٹویٹ میں وزیر اعلیٰ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیاکہ سابقہ حکومتوں نے پنجاب کو 3 لاکھ کروڑ روپے کا قرض چھوڑا ہے لیکن کہاں استعمال ہوا؟ ہم اس کی چھان بین کر کے بازیافت کریں گے کیونکہ یہ عوام کا پیسہ ہے۔
فروری میں پنجاب اسمبلی انتخابات کی مہم کے دوران، عام آدمی پارٹی کے لیڈران نے ریاست کو قرض کے جال میں دھکیلنے کے لیے ریاست کی سابقہ حکومتوں کو نشانہ بنایا تھا۔انتخابات سے پہلے سینئر آپ لیڈر راگھو چڈھا نے پنجاب میں پچھلی اکالی-بی جے پی اور پھر کانگریس حکومت پر ریاست کو قرض میں دھکیلنے کا الزام لگایا تھا۔
چڈھا نے تب دعویٰ کیا تھا کہ پنجاب میں پیدا ہونے والے ہر بچے کے سر پر ایک لاکھ روپے کا قرض ہے۔آپ نے حال ہی میں 117 اسمبلی سیٹوں میں سے 92 جیت کر پنجاب میں کانگریس سے اقتدار چھینا ہے۔



