نئی دہلی ، 24جولائی:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا ٹیسٹ اس وقت دلچسپ حالت میں ہے۔ گیند بازوں کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ٹیم انڈیا کا پلا بھاری مانا جارہا ہے۔ ٹیم انڈیا نے میزبان ونڈیز کو 365 رنز کا ہدف دیا ہے۔ جواب میں چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے پر ونڈیز نے 2 وکٹوں پر 76 رنز بنا لیے ہیں۔ آج یعنی پیر کو میچ کے آخری دن ہندوستانی ٹیم کو جیت کے لیے 8 وکٹیں درکار ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز کو مزید 289 رنز بنانے ہیں۔ آف اسپنر آر اشون نے ونڈیز کے لیے گرنے والی دونوں وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے ساتھ ہی رویندر جڈیجہ اور اشون کی جوڑی نے ٹیسٹ کرکٹ میں 500 وکٹیں بھی مکمل کر لی ہیں۔آر اشون اور رویندر جڈیجہ کی جوڑی 500 وکٹیں مکمل کرنے والی دوسری ہندوستانی جوڑی ہے۔ سابق تجربہ کار لیگ اسپنرز انیل کمبلے اور ہربھجن سنگھ کی جوڑی نے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ 501 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ یعنی اشون اور جڈیجہ کو اس ریکارڈ کو توڑنے کے لیے صرف 2 وکٹوں کی ضرورت ہے۔
رویندر جڈیجہ اور آر اشون کی جوڑی نے اب تک 49 ٹیسٹ میں 500 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ یہ جوڑی ہر میچ میں اوسطاً 10 وکٹیں حاصل کرتی ہے۔ ان 500 وکٹوں میں سے 274 وکٹیں اشون نے اور 226 وکٹیں جڈیجہ نے حاصل کی ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ اشون نے پہلے ٹیسٹ میں 12 وکٹ لیے تھے۔ 36 سالہ آر اشون کے ٹیسٹ ریکارڈ کی بات کریں تو وہ اب تک 94 میچوں میں 24 کی اوسط سے 489 وکٹیں لے چکے ہیں۔ 34 مرتبہ 5 جبکہ 8 مرتبہ 10 وکٹیں حاصل کیں۔ 59 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کرنا بہترین کارکردگی ہے۔ وہ 500 وکٹوں سے صرف 11 قدم دور ہیں۔ رویندر جڈیجہ کی ٹیسٹ کارکردگی پر نظر ڈالیں تو 34 سالہ لیفٹ آرم اسپنر نے 67 میچوں میں 24 کی اوسط سے 275 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ 12 بار 5 اور 2 بار 10 وکٹیں لے چکے ہیں۔ 42 رنز کے عوض 7 وکٹیں بہترین کارکردگی رہی۔



