راہل گاندھی کو پرانا مسکن واپس مل گیا،راہل نے کہا، میرا گھر پورا ہندوستان ہے
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کو منگل کو 12 تغلق لین میں اپنا پرانا سرکاری بنگلہ واپس مل گیا۔
نئی دہلی، 8اگست :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کو منگل کو 12 تغلق لین میں اپنا پرانا سرکاری بنگلہ واپس مل گیا۔ پارلیمنٹ کی ہاؤسنگ کمیٹی نے راہل کو دوبارہ رکن پارلیمنٹ بنائے جانے کے ایک دن بعد یہ بنگلہ الاٹ کیا۔ راہل جب کانگریس ہیڈکوارٹر پہنچے تو ان سے بنگلہ واپس لینے کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اس پر راہل نے کہاکہ میرا گھر پورا ہندوستان ہے۔ راہل گاندھی 19 سال تک 12 تغلق لین میں رہے۔ مودی سرنام کیس میں 2 سال کی سزا پانے کے بعد انہیں 22 اپریل 2023 کو یہ بنگلہ خالی کرنا پڑا تھا۔ راہل 12 اور 13 اگست کو اپنے پارلیمانی حلقہ وائناڈ کا بھی دورہ کریں گے۔
ایم پی کے طور پر بحال ہونے کے بعد یہ ان کا وائناڈ کا پہلا دورہ ہوگا۔ان کو 12، تغلق لین بنگلہ 2005 میں الاٹ کیا گیا تھا۔ راہل گاندھی 2004 میں پہلی بار امیٹھی سے ایم پی بنے تھے۔ تب تک وہ اپنی ماں کے ساتھ 10 جن پتھ کے بنگلے میں رہتے تھے۔ انہیں پہلی بار 2005 میں 12 تغلق لین میں ایک بنگلہ الاٹ کیا گیا تھا جب وہ ایم پی بنے تھے۔ یہ دہلی کے لوٹین زون میں واقع لگژری بنگلے میں 5 بیڈروم، 1 ہال، 1 ڈائننگ روم، 1 اسٹڈی روم اور سرونٹ کوارٹر ہے۔اس سال 26 فروری کو راہل نے کانگریس کے 85ویں اجلاس میں کہا تھا کہ میرے پاس کوئی گھر نہیں ہے۔راہل 12 تغلق لین میں واقع سرکاری بنگلہ خالی کرنے کے بعد 10 جن پتھ میں اپنی ماں سونیا گاندھی کی رہائش گاہ پر شفٹ ہو گئے ہیں۔



