قومی خبریں

راہل گاندھی نے حکومت کوکیا خبردار یوکرین سے ہندوستانیوں کو نکالنے کیلئے اسٹریٹجک منصوبے کی ضرورت

نئی دہلی، یکم مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) جنگ زدہ یوکرین میں ایک ہندوستانی طالب علم کی موت پر غم کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے منگل کو کہا کہ حکومت کو ہندوستانی شہریوں کو وہاں سے نکالنے کے لیے ایک اسٹریٹجک منصوبہ بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے ٹویٹ کیا کہ یوکرین میں ہندوستانی طالب علم نوین کی جان کے نقصان کی افسوسناک خبر۔ ان کے اہل خانہ اور دوستوں سے میری گہری تعزیت۔راہل گاندھی نے کہاکہ میں اس نکتے کا اعادہ کرتا ہوں کہ حکومت ہند کو ہندوستانی شہریوں کے محفوظ انخلاء کے لیے ایک اسٹریٹجک منصوبہ بنانے کی ضرورت ہے، ہر منٹ قیمتی ہے۔

کانگریس کے چیف ترجمان رندیپ سرجے والا نے کہا کہ مودی جی، آپ کرناٹک کے اس خاندان کو کیا کہیں گے جنہوں نے آپ کی حکومت کی بے حسی کی وجہ سے اپنا بچہ کھو دیا؟

یوکرین کی جنگ کے درمیان 20 ہزار ہندوستانیوں کی جانیں ہر لمحہ خطرے میں ہیں اور آپ یہ سب کرنے میں لگے ہوئے ہیں؟ ہزاروں بچوں کو بحفاظت لانا کس کی ذمہ داری ہے؟۔

جنگ زدہ یوکرین کے کھارکیو شہر میں منگل کی صبح گولہ باری سے ایک ہندوستانی طالب علم ہلاک ہوگیا۔ وزارت خارجہ نے یہ اطلاع دی۔ مقتول طالب علم کی شناخت نوین شیکھرپا گیانگودر کے طور پر کی گئی ہے جو کرناٹک کے ہاویری ضلع کے چلگیری کا رہنے والا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button