قومی خبریں

راہل گاندھی ہی ہوں گے کانگریس کے آئندہ صدر ، انتخاب کا عمل آئندہ سال ستمبر میں متوقع

نئی دہلی ،29دسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) کانگریس پارٹی میں گزشتہ کئی سالوں سے صدراتی عہدہ کو لے کر چل رہی قیاس آرائی اب بہت جلد تھم جانے والی ہے۔کانگریس آرگنائزیشن الیکشن اتھارٹی کے صدر مدھوسودن مستری نے اشارے میں کہا ہے کہ راہل گاندھی اگلے سال ستمبر تک کانگریس صدر کا عہدہ سنبھال سکتے ہیں ۔

سونیا گاندھی سے ملاقات کے بعد مستری نے کہا کہ آنے والے سال کے ماہِ ستمبر تک پارٹی صدر کے انتخاب کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ کانگریس ذرائع کے مطابق راہل گاندھی صدر کے عہدہ کے لیے انتخاب لڑنے کے لیے تیار ہیں۔ فی الحال سونیا گاندھی پارٹی کے صدر کے عہدے کی ذمہ داری نبھا رہی ہیں۔

پارٹی نے اکتوبر میں ہی اعلان کیا تھا کہ صدر کے عہدے کے لیے انتخابات اگست اور ستمبر کے درمیان ہوں گے۔اطلاع کے مطابق اگلے سال ستمبر تک کانگریس پارٹی اپنے نئے صدر کا انتخاب کرے گی۔ پارٹی 2024 کے انتخابات میں نئے چہرے کے ساتھ انتخابی میدان میں اترنا چاہتی ہے۔

پارٹی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ راہل گاندھی نے کانگریس کی باگ ڈور سنبھالنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ کانگریس صدر کے طور پر راہل کی تاجپوشی محض ایک رسم ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق اگر راہل گاندھی صدر کے عہدے کے لیے کھڑے ہوتے ہیں تو کوئی بھی ان کیخلاف پرچہ نامزدگی داخل نہیں کرے گا۔ ذرائع کے مطابق صدر کے عہدے کے لیے انتخابات کا موقع ملنے کے باوجود راہل گاندھی کا صدر بننا یقینی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button