لکھیم پور کھیری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)یوپی کے لکھیم پور کھیری میں ایک نرس نے ریلوے ڈاکٹر پر اس کے ساتھ چھیڑخانی کا الزام عائد کیا ہے۔ تھانہ مولانی کے علاقے کی ایک نرس نے الزام لگایا ہے کہ ڈاکٹر ایک عرصے سے اسے ہراساں کررہا ہے، اس سے فحش باتیں کرتا ہے اور اس پر شادی کے لئے دباؤ ڈال رہا ہے۔ تحریری شکایت پر پولیس نے ڈاکٹر کے خلاف سنگین شقوں کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔
پولیس نے ملزم ڈاکٹر کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔ مولانی اسٹیشن پر ریلوے کا ایک اسپتال ہے، اس میں تعینات نرس نے ڈاکٹر دھرمیندر گپتا پر چھیڑ چھاڑ کا الزام لگایا ہے۔پولیس کو دی گئی تحریر میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر ایک عرصے سے اسے ہراساں کررہا ہے، وہ ہر وقت اس سے فحش باتیں کرتا رہتا ہے۔ گندی ویڈیوز دکھانے کی کوشش کرتا ہے۔
نرس نے بتایا کہ ڈاکٹر اس پر شادی کے لئے دباؤ ڈال رہا ہے۔ جب متعدد بار احتجاج کرنے کے بعد ڈاکٹر اپنی حرکتوں سے باز نہیں آیا ، تو وہ پولیس کے پاس گئی۔ تھانہ انچارج انسپکٹر چندربھان یادو نے بتایا کہ متاثرہ نرس کی شکایت پر ملزم ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزم ڈاکٹر دھرمیندر کو ریلوے کالونی سے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے۔



