
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)شمالی ریلوے کے ترجمان نے پیر کے روز کہا کہ قتل کیس میں دہلی پولیس کے ذریعہ گرفتار پہلوان سشیل کمار کو معطل کردیا جائے گا۔اولمپک ایوارڈ یافتہ سشیل کمار شمالی ریلوے میں سینئر کمرشل منیجر ہیں، وہ 2015 سے دہلی حکومت میں ڈیپوٹیشن پر تھے، جس نے انہیں اسکول کی سطح پر کھیلوں کی ترقی کیلئے چھترسال اسٹیڈیم میں بطور اسپیشل آفیسر (او ایس ڈی) تعینات کیا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ سشیل کمار کی ڈیپوٹیشن کی مدت 2020 میں بڑھا دی گئی تھی اور انہوں نے 2021 میں بھی خدمت میں توسیع کے لئے درخواست دی تھی لیکن دہلی حکومت نے ان کی درخواست مسترد کردی اور انہیں اپنے اصل کیڈر، ناردرن ریلوے میں بھیج دیا۔کمار اور اس کے ساتھی ملزم اجے کو چھتراسال اسٹیڈیم میں 23 سالہ پہلوان کی موت میں ملوث ہونے کے الزام میں دہلی کے منڈکا کے علاقے سے ایک دن پہلے ہی گرفتار کیا گیا ہے۔
شمالی ریلوے کے چیف تعلقات عامہ کے افسر دیپک کمار نے بتایاکہ ریلوے بورڈ کو اس معاملے کولے کر اتوار کے روز دہلی حکومت کی طرف سے رپورٹ موصول ہوئی۔ ان (سوشل کمار) کے خلاف ایف آئی آر درج ہے اور انہیں معطل کردیا جائے گا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ پہلوان کو معطل کرنے کا باضابطہ حکم چند دن میں جاری کردیا جائے گا۔
سینئر عہدیداروں نے کہا کہ اگر کسی سرکاری عہدیدار کو سنگین جرائم کا مرتکب پایا جاتا ہے تو اسے عام طور پر اس وقت تک معطل کردیا جاتا ہے جب تک معاملہ چلتاہے۔



