بین ریاستی خبریں

راجستھان: خواتین کے ساتھ جرائم میں اضافہ، پولیس نے جاری کیا اعداد و شمار

جے پور،10جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)راجستھان میں خواتین کے خلاف جرائم میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ خود #راجستھان #پولیس کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پچھلے سال کے مقابلے میں مئی 2021 میں خواتین کے خلاف جرائم پیشہ واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ یہ اعداد و شمار چونکانے والے ہیں کیونکہ کورونا کی وجہ سے لاک ڈاؤن میں #جرائم کے گراف میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
دوسرا پہلو یہ بھی ہے کہ #رجسٹرڈ مقدمات کے تصفیے کی رفتار بہت سست رہی۔راجستھان پولیس کی طرف سے گذشتہ تین سالوں سے جاری خواتین #جرائم کے #اعدادوشمار کے مطابق سال 2019 میں چھیڑ چھاڑ کے مجموعی طور پر 3054 واقعات درج کئے گئے، جو سال 2020 میں کم ہوکر 2978 ہو گئے، لیکن سال 2021 کے دوران مئی تک ایسے واقعات میں بڑی تیزی سے اضافہ ہوا اور ان کی تعداد 3508 ہوگئی۔ اس سال مئی تک عصمت دری کے واقعات میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔
جبکہ سال 2019 میں 2298 اور سال 2020 میں #عصمت دری کے 1807 واقعات درج کئے گئے تھے۔ اس سال مئی تک مجموعی طور پر 2461 عصمت دری کے واقعات درج ہوئے ہیں۔ اس سال خواتین کو ہراساں کرنے کے رجسٹرڈ کیسوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ مئی 2021 تک خواتین کو ہراساں کرنے کے 6254 مقدمات درج کئے گئے جبکہ اس کے مقابلے 2019 میں 7058 اور 2020 میں 4103 ہوچکے ہیں۔
سال 2019 سے مئی 2021 تک ان اعدادوشمار میں کمی دیکھنے کو ملی، جبکہ اس کے مقابلے میں سنہ 2019 میں جہیز قتل کے 176 اور سال 2020 میں 187 مقدمات درج ہوئے۔ اس سال مئی تک جہیز قتل کے 178 مقدمات درج کئے گئے لیکن اس سال جہیز کی وجہ سے خودکشی کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ سال 2019 میں جہیز کی وجہ سے خودکشی کے 76 واقعات درج ہوئے اور سال 2020 میں جہیزکی وجہ سے خودکشی کے 63 واقعات درج ہوئے جبکہ موجودہ سال میں اب تک پوری ریاست میں مجموعی طور پر 86 کیس درج ہوئے ہیں۔
جرائم میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے لیکن ان معاملات میں پولیس کی تفتیش اور نمٹانے کی رفتار بہت سست ہے جو ریاستی پولیس کے کام پر سوالیہ نشان لگارہی ہے۔ سال 2021 میں چھیڑ چھاڑ کے کل 3508 واقعات میں سے 1369 اب تک زیر التوا ہیں۔ اسی طرح زیادتی کے کل 2461 مقدمات میں سے 1120 مقدمات بھی اب تک حل نہیں ہوسکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button