
جودھپور، 5اپریل :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)راجستھان کی گہلوت حکومت کے ایک حکم نے ریاست کی فسطائی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے۔ فسطائی لیڈر ان گہلوت پر سخت حملہ کر رہے ہیں۔ یہ حکم جودھپور محکمہ توانائی نے جاری کیا ہے ۔اس میں کہا گیا ہے کہ ماہ رمضان کی وجہ سے روزے داروں کو گرمی کے موسم میں پریشانی کا سامنا نہیں نہ ہو ، اس لئے مسلم اکثریتی علاقوں کو بغیر کسی کٹوتی کے بجلی فراہم کی جائے۔
محکمہ بجلی کے اسسٹنٹ منیجنگ ڈائرکٹر آر ایس بڑیاسر نے یکم اپریل کو برقی انجینئروں کو ہدایات دیتے ہوئے یہ حکم جاری کیا ہے۔پیر کو وزیر اعلی اشوک گہلوت نے بی جے پی صدر جے پی نڈا اور امت شاہ پر پولرائزیشن کا الزام لگایاتھا، اس حکم کے بعد ان کے بیان کی بحث زور و شور سے شروع ہو گئی ہے۔
مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت نے اس آرڈر کی کاپی سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ گہلوت حکومت کے کہنے پر دیا گیا حکم پڑھ کر کانگریس کی سوچ سے نفرت بڑھ جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جودھ پور خطہ میں رمضان کے دوران بجلی نہ کاٹنے کا فرمان ووٹ بینک کی سیاست کی وجہ سے دیا گیا ہے۔ اس طرح کے ہتھکنڈے معاشرتی عدم استحکام کا باعث بنتے ہیں۔
آپ ہم آہنگی کے نام پر ایک کو منتخب اور دوسرے کی نفی نہیں کر سکتے۔بی جے پی لیڈر کے مطابق آپ نے کرولی میں اپنا کھیل کر دکھادیا، میرے جودھ پور کو اپنی فرقہ وارانہ سازش سے دور رکھیں۔خیال رہے کہ کرولی میں عمداً ہندو سالِ نو کے موقع پر جنونی ہندؤں کے ذریعہ بائیک ریلی نکالی گئی ، اور اس میں مسلم مخالفت اشتعال انگیز نعرے لگائے گئے ۔
بعد میں جب مسلمانوں کی طرف سے روکا گیا ، تو پھر یہ فسطائی ہندؤں کی بھیڑ مشتعل ہوکر شرانگیزی اور فساد برپاکرنے لگی ۔ جس میں تقریبا اکثر مسلمانوں کی دوکانوں کو نشان زد کرکے جلایا گیا ۔



